نئی دلی۔ معروف مورخ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مشیر الحسن کا آج یہاں علی الصبح انتقال ہو گیا۔ وہ 71 سال کے تھے۔ پروفیسر مشیر الحسن نیشنل آرکائیوز آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر بھی رہے ہیں۔ تقسیم ہند اور جنوبی ایشیا میں اسلام کی تواریخ پر آپ کی تحریریں بہت زیادہ ہیں۔ 1992 سے 1996 کے درمیان آپ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پرو وائس چانسلر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں اور اس کے بعد 2004 سے 2009 کے درمیان آپ جامعہ کے وائس چانسلر کے عہدہ پر فائز رہے۔
علاوہ ازیں، پدم شری پروفیسر مشیر الحسن دیگر متعدد اہم عہدوں پر بھی فائز رہے ۔ سوشل سائنسز میں اپنی خدمات کے لئے مشہور مشیر الحسن انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کے سابق وائس چیرمین بھی رہے ہیں۔ان کی نماز جنازہ اوکھلا وہار کے باب العلم میں دوپہر 1 بجے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جامع مسجد میں دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔ تدفین جامعہ کے قبرستان میں ہوگی۔