نئی دہلی : ملک کی مرکزی دانش گاہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ۹۸؍ ویں یوم تاسیس کا تزک و احتشام کے ساتھ آغاز ہوگیا ہے ۔ جس میں پہلے دن جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ وطالبات نے مختلف رنگا و رنگ تعلیمی و ثقافتی پورگرام پیش کئے ہیں۔ پروگرام کے آغاز سے قبل یونیورسٹی کے طلبہ نے وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ بعد ازاں ننھے طلبہ نے دل کو موہ لینے والا پروگرام پیش کیا ۔
اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ملیہ ۱۰۰؍ سال پورے کرنے کے قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اپنے اس سفر کو بحسن و خوبی انجام دیتے ہوئے یہ ادارہ ترقی کی جانب سے جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہم کیلئے قابل فخر ہے ۔ اور اسے بلندیوں تک لے جانے کیلئے ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے قیام کے اولین دنوں سے ہی ملک کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔
واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا قیام عدم تعاون تحریک کے تناظر میں برطانوی تعلیم کے خلاف ہندوستانی ضروریات کے مطابق مادری زبان میں تعلیم کی وکالت کی بنیاد پر ۲۹؍ اکٹوبر ۱۹۲۰ء میں مولانا محمد علی جوہر ا ور ملک کی بااثر شخصیات کے ذریعہ عمل میں لایاگیا تھا ۔ ہر سال ۲۹؍ اکٹوبر کو یوم تاسیس کے عنوان سے زبر دست تقاریب منعقد ہوتی ہے۔ جس میں جامعہ کے طلبہ و طالبات تعلیمی مظاہرہ کے علاوہ دیگر ڈرامہ پیش کرتے ہیں۔