جائیداد کے تنازعہ پر بیٹے نے باپ کی آنکھ نوچ ڈالی

بنگلورو ۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلورو میں ایک افسوس ناک واقعہ میں ایک بیٹے نے اپنے باپ کی آنکھ ہی نوچ ڈالی۔ بہن کو جائیداد میں حصہ نہ دینے کے مسئلہ پر باپ بیٹے میں بحث کے دوران 40سالہ نوجوان نے طیش میں آکر والد کی آنکھ نکال لی۔ملزم ابھیشیک چیتن چاہتا تھا کہ والد پرمیشور شہر کے جے پی نگر علاقہ میں تعمیر مکان اس کے نام کردیں جبکہ پرمیشور کی خواہش تھی کہ مکان دونوں بچوں میں تقسیم کردیا جائے لیکن بیٹا اس پر تیار نہیں ہوا۔یہ جائیداد پرمیشور اور ان کی اہلیہ کے نام پر ہے۔ پرمیشور کی اہلیہ ایک ماہ قبل ہی گذر گئی تھیں۔پولیس کے مطابق مکان کی تقسیم کے مسئلہ پر باپ بیٹے کے مابین تکرار شروع ہوگئی اور اسی دوران ابھیشیک نے جھپٹ کر والد کی آنکھ نکال ڈالی اورانہیں زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ اہل خانہ نے پرمیشور کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا جہاں انکی حالت تسلی بخش ہے۔ تاہم ڈاکٹرپرمیشور کی آنکھ بچانے میں ناکام رہے اور باپ اپنی آنکھ سے محروم ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ جائیداد کے مسئلہ پر باپ بیٹے میں اکثر تنازعہ ہوا کرتا تھا۔ ابھیشیک نے نہ صرف باپ کی آنکھ نکال ڈالی بلکہ وہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیا کرتا تھا۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کی کارروائی شرو ع کردی۔پولیس کے مطابق ابھیشک نشہ کا عادی ہے اور اس کے پاس آمدنی کا کوئی خاص ذریعہ نہیں ہے۔