ثانیہ مرزا حاملہ ٹوئیٹر پر اشارہ شعیب ملک کی توثیق

 

حیدرآباد ۔23اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی طرف سے پیر کو ٹوئیٹر پرجاری کردہ ایک پوسٹ کے ساتھ ان کے حاملہ ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں ۔ اس دوران ان کے پاکستانی کرکٹر شوہر شعیب ملک کے اشاروں نے ان اشاروں کی کسی حد تک توثیق کردی ہے ۔ ثانیہ نے اپنے بلاگ پر بڑی خوبصورتی کے ساتھ ایک طرف مرزا اور دوسری طرف ملک درج کرتے ہوئے درمیان میں اپنے خوابوں کے ننھے منے شہزادہ کے لباس کی علامتی تصویر ڈال کر اس کے نیچے مرزا ۔ ملک درج کی ہیں ۔ ثانیہ نے حال ہی میںگوا ۔فسٹ 2018 میں ’’ صنفی تعصب و جانبداری ‘‘ کے زیرعنوان مذاکرہ میں حصہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے بچے کا خاندانی نام ’’ مرزا ملک ‘‘ رکھیں گی ۔ وہ اپنے خاندانی نام کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکی ہیں ۔ ثانیہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’ ہم دو بہنیں ہیں اور ہم نے کبھی بھی اپنے لئے ایک بھائی کی خواہش نہیں کی تھی ۔ میری اکثر اپنے والدین کے بھائیوں بہنوں سے اس مسئلہ پر بحث بھی ہوا کرتی تھی جو میرے ماں باپ سے کہا کرتے تھے کہ انہیں ایک بیٹا بھی ہونا چاہیئے تھا لیکن خاندانی نام باقی و برقرار رکھنے کیلئے بیٹے کا ہی ہوناضروری نہیں ہے ‘‘ ۔