مخالف حکومت پروپگنڈہ کی تردید اور عوام کو مثبت تبدیلیوں سے واقف کروایا جائیگا
کانپور 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت اپنی مختلف پالیسیوں پر سیاسی الزامات کا مقابلہ کرنے کیلئے آئندہ ماہ اپنی تیسری سال گرہ کے موقع پر ایک رپورٹ کارڈ تیار کررہی ہے ۔ تین سالہ میعاد کا رپورٹ کارڈ سالگرہ کے موقع پر عوام کو پیش کیا جائے گا ۔ تنقید کو پیش نظر رکھتے ہوئے جوابی بیانات رپورٹ کارڈ میں شامل کئے جائیں گے ۔ رپورٹ کارڈ حکومت کے تین سالہ دور اقتدار کے مختلف کارناموں کو اجاگر کرے گا اور سیاسی الزامات کی تردید کیلئے جوابی نکات پیش کرے گا ۔ ذرائع کے بموجب رپورٹ کارڈ میں حقائق ، اعداد و شمار ، معلومات اور حکومت کی مختلف پالیسیوں کے حقائق پیش کئے جائیں گے ۔ اس اقدام کا جواز موثر انداز میں مبینہ غلط پروپگنڈہ کی تردید کرنا جن سے حکومت کی شبیہہ متاثر ہورہی ہے اور مثبت تبدیلیاں اجاگر کی جائیں گی ۔ ہر وزارت کو مخصوص موضوعات سپرد کئے گئے ہیں تاکہ وہ ان پر اپنے نوٹ تیار کرے ۔ اپوزیشن پارٹیاں مرکز پر الزام عائد کرتی آرہی ہیں کہ وہ کافی تعداد میں روزگار کے موقاع فراہم نہیں کررہی ہے ۔ اور معاشی شعبوں کی غیر مستقل کارکردگی کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے تین سالہ دوراقتدار /26 مئی کو مکمل ہورہا ہے ۔ قبل ازیں کانگریس زیرقیادت یو پی اے 10 سال تک برسراقتدار رہ چکی ہیں ۔