حیدرآبادسے قومی سیاست میں زلزلہ آئیگا، ملک کی بھلائی کا منصوبہ ، 29 اپریل کو چینائی کا دورہ
آئندہ ماہ اکھلیش یادو سے ملاقات، پلینری سیشن سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک میں کانگریس اور بی جے پی کے خلاف تیسرے متبادل کے قیام کے اپنے عزائم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سے قومی سیاست میں ایک زلزلہ آسکتا ہے۔ کوم پلی میں پارٹی کے 17 ویں پلینری سیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کانگریس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں اور اب وقت آچکا ہے کہ ملک کی سیاست میں تبدیلی ہو اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی پارٹیاں متبادل کے طور پر اُبھریں۔ کے سی آر نے کہا کہ حیدرآباد سے ملک کی سیاست میں زلزلہ آنا طئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قومی سیاست پر اثر انداز ہوگی۔ تلنگانہ عوام کی دعاؤں اور سرپرستی سے ہم آگے بڑھیں گے۔ تلنگانہ کی گلابی طاقت کو ملک کے گاوؤں تک پہنچائیں گے۔ کے سی آر نے کہا کہ ملک کو دنیا بھر میں مثالی بنانے کیلئے وسائل موجود ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کا صحیح استعمال کیا جائے۔قائدین میں صلاحیتوں کمی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے ملک کی معاشی بدحالی اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات کا بطور خاص حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات فوری روکے جانے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کے مقصد سے وہ تیسرے متبادل کے حق میں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور بی جے پی ملک کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ریاستوں کو میونسپالٹیز سے بھی کم درجہ میں دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، تعلیم، صحت، شہری ترقی، دیہی ترقی، آبی وسائل اور دیگر اہم شعبوں کو نظر انداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، سرپنچ، ارکان اسمبلی اور ضلع پریشد کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے لئے بھی وزیر اعظم کے نام سے سڑک یوجنا تیار کی گئی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ بنیادی سہولتوں کے سلسلہ میں ریاستوں کو زائد حقوق دیئے جانے چاہیئے۔
ملک کی ترقی میں ریاستوں کی حصہ داری کو قبول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں سے متعلق اُمور کا مرکز کے پاس ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کا حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں بڑی قومی جماعتیں اس تنازعہ کے حل میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ملک میں عوام کو بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے بہتر نیویارک میں ٹائیلٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اے ٹی ایم میں نقدی دستیاب نہیں لیکن بعض عناصر عوامی رقومات لوٹ کر ملک سے فرار ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے تیسرے محاذ کے قیام سے متعلق اپنے منصوبہ کی وضاحت کی اور کہا کہ 29 اپریل کو چینائی میں ڈی ایم کے قائدین سے ملاقات کریں گے جبکہ 2 مئی کو حیدرآباد میں اکھلیش یادو سے فرنٹ کے قیام کے مسئلہ پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حیدرآباد سے ملک کی سیاست پر اثر انداز ہوں گے۔ کے سی آر نے ’’ جئے تلنگانہ ‘‘ اور ’’ جئے بھارت ‘‘ کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے سبب تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کئی مسائل اور توہین سے گزرنا پڑا لیکن انہوں نے عزم و حوصلہ کا دامن نہیں چھوڑا ۔ ٹی آر ایس کے قیام کے وقت لوگ ہنس رہے تھے کہ یہ تحریک کس طرح کامیاب ہوگی لیکن 14 برس کی مسلسل جدوجہد کے ذریعہ نہ صرف ریاست حاصل کی گئی بلکہ پسماندہ ریاست کو ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران کئی انتخابی کامیابیوں اور ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ کام کررہی ہے۔ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے اس طرح کے بے بنیاد الزامات سے حکومت کی کارکردگی متاثر نہیں ہوگی۔ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی حکمرانی کی دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس نے ستائش کی ہے۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے حکومت کی اسکیمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کانگریس کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ تلنگانہ کی تشکیل اس نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 7 دہوں تک عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو ناکام بنانے کیلئے سازش کی گئی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اپنی کارکردگی کے ذریعہ کئی ایوارڈز حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی ریاست کو اس قدر ایوارڈز حاصل نہیں ہوئے جو تلنگانہ حاصل ہوئے ہیں۔ کے سی آر نے اعلان کیا کہ ملک میں فیڈرل فرنٹ کے برسراقتدار آنے پر 40 کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے سبب ملک میں پانی کے مسئلہ پر تنازعات پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے ملک میں جاری مختلف آبی تنازعات کا بھی حوالہ دی