تہواروں کے موسم میں ماحول بگاڑنے کی کوششیں ، ممتا کا دعویٰ

کلکتہ 3نومبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ملک کے موجود حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیسٹول کے سیزن میں اشتعال انگیز بیانات ملک کی سالمیت اور اتحاد کو شدید نقصان پہنچائے گا۔آسام میں بنگالیوں کے قتل کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تہواروں کے اس موسم میں بے رحمی سے قتل کا یہ واقعہ ملک کی سالمیت اور اتحاد کو نقصان پہنچانے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈہ کی وجہ سے یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ایک طرف ہم پوجا کیلئے روشنی جلارہے ہیں تو دوسری طرف ہمارے ذہن و دماغ میں آسام کے تین سوکھیا میں ہوئے قتل کا واقعہ چھایا ہوا ہے ۔میں اس طرح کے دورخے پن کو نہیں دیکھ سکتی ہوں ۔ان لوگوں کاتعلق بہت ہی غریب فیملی سے تھا ۔یہ غریب اور امیرکے درمیان تفریقی اور انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ تعصب کی وجہ سے بہاریوں کو گجرات سے نکالا جارہا ہے ، بنگالیوں کو آسام سے نکالنے کی سازش کی جارہی ہے ۔یہ صورت حال ملک میں اس سے قبل نہیں تھا اور انتہائی دکھ پہنچانے والے واقعات ہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تہواروں کے اسپرٹ سے سبق لیا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر آپ تاجروں سے پوچھیں گے کہ کارو بار کس طریقے سے چل رہا ہے تو ان کا جواب ہوگا حالات بہت ہی خراب ہیں ، ایجنسیاں دھمکیاں دے رہی ہیں ۔ملک میں اس سے قبل اس طرح کے حالات کبھی بھی پیدا نہیں ہوئے تھے ۔ہر شخص خوف کے سایے میں جی رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی کے دوران ماں لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے ۔دھن تھیرس کیلئے خواتین لکشمی بنار کیلئے روپے جمع کرتی تھی مگر اب وہ ایسا کرنے سے ڈرتی ہیں کہیں ایجنسیوں کا چھاپہ نہ پڑجائے ۔لوگوں کو آر ایس ایس میں شامل ہونے کیلئے دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چوں کہ ہم ملک سے محبت کرتے ہیں ، اس لیے موجودہ حالات سے دکھی ہے اور مادر وطن کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔یہ سرزمین ہماری جنم بھومی بھی ہے اور کرم بھومی بھی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگال میں درگا پوجا منانے سے روکا گیا ہے۔