تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں کو نکالنے کی کوششیں جاری

چیانگ رائے ، 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کی چیانگ رائے کے غار میں پھنسے 12 بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے کے لئے راحت رسانی ٹیموں کی کوششیں جاری ہے ۔ راحتی ٹیم صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائی ہے کہ اس ناقابل رسائی سیلاب کے پانی سے بھرے غار سے بچوں کو کس طرح باہر نکالا جائے ۔بچوں کو غار میں پھنسے نو دن گزر چکے ہیں۔تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائے میں 23 جون کو لاپتہ ہوئے جونیئر فٹ بال ٹیم کے ارکان کی امدادی مہم پیر کو اس وقت ختم ہوتی دکھائی دے رہی تھی جب برطانیہ اور تھائی لینڈ کے غوطہ خور کسی طرح سیلاب کے پانی سے بھرے غار میں بچوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔اب امدادی اہلکار اپنی پوری توجہ بچوں کو غار سے باہر نکالنے پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ امدادی اہلکار اس بات پر غور خوض کر رہے ہیں کہ کئی کلومیٹر تک سیلاب کے پانی سے بھر چکے اس خطرناک غار سے بچوں کو کس طرح باہر نکالا جائے ۔یہ کوشش بھی کی جارہی ہیکہ غار کے پانی کو پمپوں کے ذریعہ باہر نکالا جائے تاکہ غار میں پانی کی سطح کم ہوجائے۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ کیبل بھی بچھانے کی خبریں ہیں تاکہ بچے اپنے والدین سے بات کرسکیں۔ جو 23 جون کو فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد کوچ کے ساتھ غار دیکھنے گئے تھے اور غار کے اندر موجود بچے باہر بارش کے بعد غار میں پانی بھرنے اور دروازے بند ہونے کے بعد اس میں پھنس گئے تھے ۔دریں اثناء متعلقہ عہدیداروں نے بتایا کہ فی الحال غار سے پانی نکالنے کا جو کام چل رہا ہے وہ صدفیصد محفوظ طریقہ کار ہے جس سے غار میں پھنسے نوجوان لڑکوں کی زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے البتہ فکرصرف اتنی ہے کہ پانی میں مسلسل رہنے سے ان کے جسم پر کوئی انفیکشن نہ ہوورنہ بات بگڑ بھی سکتی ہے۔