تمام پڑوسیوں بشمول پاکستان سے اچھے تعلقات کی خواہش

پڑوسی ملک دہشت گردی کی حمایت کا سلسلہ ترک کرے ۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو کا خطاب
جموں ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان تمام ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی کے ساتھ کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اسے دہشت گردوں کی مدد، حمایت اور تربیت کی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔ نائب صدر جمہوریہ نے یہاں انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹیو میڈیسن (آئی آئی آئی ایم) کے سائنسدانوں، طالب علموں اور ملازمین سے خطاب میں یہ بات کہی ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ترقی کیلئے امن ضروری ہے۔انہوں نے کہا ’امن اور خوشحالی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ ترقی کیلئے امن ضروری ہے اور امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ ہمیں اپنے پڑوسی سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ہم تمام ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمیں پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیار ہونا چاہیے ۔ لیکن پاکستان کودہشت گردوں کی مدد، حمایت اور تربیت کی پالیسی ترک کرنی چاہیے‘۔ انہوں نے کہا ’ہم قومی سلامتی اور یکجہتی کے معاملات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان کو اپنے اس عزم کہ وہ اپنی زمین کو دہشت گردوں کی تربیت کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا، کا احترام کرنا چاہیے‘۔نائب صدر جمہوریہ نے جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدی پر کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کیلئے امن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ’ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ اگر ہماری سرحد پر کشیدگی ہوگی تو ہم اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کی طرف توجہ نہیں دے پائیں گے‘۔ مسٹر نائیڈو نے سیاستدانوں سے کہا کہ وہ ریسرچ (تحقیق) اپنے لئے نہیں بلکہ لوگوں کے فائدہ کیلئے کریں۔ انہوں نے کہا ’ریسرچ اور ترقی سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ آپ کا ریسرچ لوگوں کے لئے فائد مند ثابت ہونا چاہیے‘۔ ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔