تمام پٹہ دار کسانوں میں نئی پاس بکس اور چیکس کی تقسیم کی ہدایت

ریتو بندھو اسکیم کیلئے 60 کروڑ روپئے کی منظوری ۔ کلکٹرس و جوائنٹ کلکٹرس کانفرنس سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد 21 اپریل ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے سی آر نے ریتو بندھواسکیم کیلئے 60 کروڑ روپئے کی منظوری دی ۔ پٹہ پاس بکس کی تقسیم ، آنکھوں کا معائنہ ، مشین بھاگیرتا ، دھرنی ویب سائٹس ہریتا ہرم ، ریاست کی معاشی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے کلکٹرس کو احکامات جاری کیے ۔ آج پرگتی بھون میں کلکٹرس ، جوائنٹ کلکٹرس ، محکمہ جات ، مال و زراعت کے حکام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سکریٹری ایس کے جوشی اور وزرانے بھی شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے نئی پٹہ پاس بکس کی اجرائی عمل میں لائی اور تمام پٹہ دار کسانوں میں نئی پاس بکس و ریتو بندھو چیکس کی تقسیم کیلئے سوائے حیدرآباد کے تمام 30 اضلاع میں فی کس 2 کروڑ کے حساب سے 60 کروڑ روپئے منظور کرکے احکام کلکٹرس کے حوالے کردئیے ۔ مختص اراضیات کے استفادگان ، آر او ایف آر پٹہ داروں ، ایجنسی علاقوں میں قبائلی افراد کے ساتھ پٹہ دار تمام کسانوں میں پٹہ پاس بکس اور زرعی سرمایہ کاری اسکیم کے تحت چیکس تقسیم کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اپریل کے اواخر تک 58 لاکھ پاس بکس اور چیکس اشاعت کے کام مکمل ہوجائیں گے ۔

اتنا بڑا کام ملک میں نہیں بلکہ دنیا میں کسی نے نہیں کیا ۔ پاس بکس اور چیکس کی تقسیم میں وزراء ، ایم ایل ایز و ایم پیز اور مقامی اداروں کے عوامی نمائندوں کو حصہ دار بنانے کا مشورہ دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ پاس بکس کی تقسیم کیلئے 2762 ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔ ایک ٹیم 300 پاس بکس تقسیم کریگی ۔ کسانوں کو فوری بنک سے رقم نکالنے کے انتظامات کیے گئے ۔ کسانوں کو رقم نہ دینے والے بنکس کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ معاشی طور پر مستحکم ہے ۔ سال 2017-18 میں ریاست کی معاشی ترقی 19.84 فیصد تھی ۔ سال 2018-19 میں 21 فیصد تک پہونچ جانے کی توقع کی جارہی ہے ۔ معاشی ترقی میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ موسم کو ٹھنڈا اور خوشگوار بنانے گرین کور کو جنگی خطوط پر فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی اداروں کو بجٹ میں 2500 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ۔ چھوٹے سے چھوٹے گاؤں کو 3 لاکھ روپئے حاصل ہونگے ۔ گاؤں میں شجرکاری کی ذمہ داری سرپنچوں کی رہیگی ۔ کے سی آر نے ریاست کے تمام عوام کے آنکھوں کا معائنہ کرانے پر زور دیتے ہوئے اس پروگرام کو ہر گاؤں اور بستی میں تحریک کے طور پر چلانے کیمپس کا انعقاد کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کتنے دن کیمپس کا انعقاد کیا جائے اس کی پہلے سے منصوبہ بندی تیار کرنے عوام میں اس پروگرام کے تعلق سے شعور بیدار کرنے ضرورت پڑھنے 300 خانگی اور سرکاری ہاسپٹلس میں آپریشن کرانے 41 لاکھ افراد کیلئے عینکیں تیار رکھنے کی ہدایت دی ۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے این جی اوز ، طلبہ ، ٹیچرس اور خواتین تنظیموں کی خدمات سے استفادہ کا مشورہ دیا ۔ ریاست میں خواتین کی فلاح و بہبود ، خواتین کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہر ماہ اجلاس طلب کرکے مسائل حل کرنے احکام جاری کئے ۔ رجسٹریشن نظام کو شفاف بنانے اور دھرنی ویب سائیٹ کے بارے میں چیف منسٹر نے کلکٹرس کو چند مشورے دئیے ۔ منڈل سطح پر رجسٹریشن کے انتظامات کا چیف منسٹر نے جائزہ لیا ۔ جون سے نئے رجسٹریشن نظام پر عمل کی ہدایت دی ۔ ملازمت کے دوران فوت سرکاری ملازم کے ارکان خاندان کو ایک ہفتہ میں ملازمت دینے اگر جائیداد نہ ہوں تو سوپر نیومری کے تحت جائیداد ایجاد کرکے ملازمت فراہم کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی ۔ احکامات فوری جاری کردینے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ۔