تمام تارکین وطن کا کینیڈا میں بلالحاظ مذہب خیرمقدم وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو کاپیام

اوٹاوا ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈیو نے کینیڈا کے تارکین وطن کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر صبح کے وقت خیرمقدمی پیام پوسٹ کیا اور ان کا یہ اقدام ٹرمپ سے بالکل برعکس تھا جنہوں نے تمام پناہ گزینوں اور بعض مسلم ممالک سے امریکہ آنے والے شہریوں پر پابندی عائد کی ہے ۔ ٹروڈیو نے لکھا کہ ’’جو لوگ ظلم ، دہشت گردی اور  جنگ سے بچ کر فرار ہورہے ہیں کینیڈا ان سب کا بلالحاظ مذہبی وابستگی خیرمقدم کرتا ہے ۔ کثرت میں وحدت ہماری طاقت ہے ۔ آپ سب کا کینیڈا میں خیرمقدم ہے ‘‘۔ وزیراعظم کینیڈا کا یہ پیام ایسے وقت جاری ہوا جبکہ ایک دن قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن کی انتہائی سخت پابندیاں عائد کی ہیں ۔ ٹرمپ کے اس حکمنامہ کے بعد امریکہ جارہے کئی مسافرین کو طیاروں میں سوار ہونے نہیں دیا گیا اور ایرپورٹس پر بے شمار افراد کو محسوس رکھا گیا ہے ۔ جس وقت ٹرمپ نے حکم نامہ پر دستخط کئے اس وقت کئی مسافرین سفر میں تھے اور ایرپورٹ پہونچتے ہی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کینیڈا کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ ان کے شہری بشمول وہ لوگ جو دوہری شہریت رکھتے وہ ٹرمپ کی تحدیدات کے زمرہ میں شامل نہیں ہے ۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو کی خاتون ترجمان نے کہا کہ ہمیں امریکہ نے تیقن دیا ہے کہ کینیڈا کا پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے ساتھ مقررہ طریقہ کے مطابق نمٹا جائے گا ۔ ان کے ساتھ کوئی علحدہ سلوک نہیں ہوگا ۔