تلگو فلم اسٹارس کی جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہی

جوبلی ہلز پولنگ اسٹیشن پر ناگرجنا ، جونیر این ٹی آر ، بالکرشنا اور دیگر کی آمد
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں آج تلگوکے بڑے اداکاروں نے پولنگ بوتھس پہونچ کر اپنے حق ووٹ سے استفادہ کیا ۔ تلگو اداکار بالکرشنا ، ناگرجنا ، جونیر این ٹی آر ، الوارجن نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایک شہری کی حیثیت سے اپنی بنیادی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔ رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنا چاہئے خاص کر ہمارے ملک کے نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے آگے آنا چاہئے ۔ ناگرجنا اکنینی نے اپنی اہلیہ آملہ کے ہمراہ پولنگ بوتھ پہونچ کر ووٹ ڈالا ۔ پولنگ اسٹیشن پر سینکڑوں نوجوانوں نے ناگر جنا سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ سلفی تصویر لی ۔ تلگو دیشم کے بانی این ٹی راما راؤ کے فرزند اور تلگو دیشم ایم ایل اے آندھرا پردیش بالکرشنا نے اپنے روایتی سفید شرٹ اور پینٹ زیب تن کر کے ووٹ ڈالا ۔ بالکرشنا کے بھتیجے جونیر این ٹی آر نے بھی اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مل کر ووٹ ڈالا ۔ سینئیر اداکار اور مووی آرٹسٹ اسوسی ایشن صدر راجندر پرساد بھی ووٹ ڈالنے والی فلمی شخصیتوں میں شامل تھے ۔ اس دوران چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کی اہلیہ این بھونیشوری ، فرزند لوکیش جو تلگو دیشم جنرل سکریٹری ہیں اور ان کی اہلیہ برہمنی نے بھی اپنا ووٹ ڈالا ۔ لوکیش نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں تلگو دیشم ، بی جے پی اتحاد کی کامیابی کے لیے زبردست مہم چلائی تھی ۔ پولنگ کا آغاز صبح 7 بجے ہوا اور یہ پانچ بجے شام تک جاری رہی ۔ تقریبا 72 لاکھ رائے دہندوں نے حق ووٹ سے استفادہ کیا ۔ دیگر فلمی شخصیتوں میں لکشمی منجو ، منجو منوج ، پروڈیوسر اور ڈائرکٹر داسری نارائن راؤ بھی شامل تھے ۔۔