تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ کی نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات

آندھرا پردیش سے انصاف کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر بھی غور

نئی دہلی2اگست(سیاست نیوز)آندھراپردیش کو خصوصی درجہ کے مسئلہ پر اے پی کی حکمران جماعت تلگودیشم کے ارکان پارلیمنٹ کا دہلی میں مشن جاری ہے ۔اس کے حصہ کے طور پر اس وفد نے آج نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے رکن پارلیمنٹ جی جیہ دیو کی قیادت میں ملاقات کی ۔گزشتہ روز اس وفد نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی تھی۔آج کی ملاقات میں بھی اس وفد نے اے پی کے تئیں مرکزی حکومت کے رویہ سے نائب صدر جمہوریہ کو واقف کروایا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیہ دیو نے کہا کہ اے پی کے ساتھ انصاف کے مطالبہ کے ساتھ ہم پارلیمنٹ سے رجوع ہوئے اور پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مباحث کے دوران اس مسئلہ کو اٹھایااور اے پی سے ہورہی ناانصافیوں کو منظر عام پر لایا تھا ۔اس مسئلہ پر آج نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی گئی اور ان کو بھی اس صورتحال سے واقف کروایا گیا ۔انہوں نے کہا”ہم اس مسئلہ پر سپریم کورٹ سے بھی رجوع ہونے پر غور کر رہے ہیں”۔انہوں نے واضح کیا کہ اے پی سے انصاف تک جدوجہد جاری رہے گی۔ وفد نے وینکیانائیڈو سے خواہش کی کہ وعدوں کی تکمیل کی بھی مرکز کو ہدایت دی جائے ۔انہوں نے کڑپہ میں اسٹیل پلانٹ کے قیام کے مطالبہ پر مسٹرنائیڈو کو ایک میمورنڈم بھی حوالے کیا۔راجیہ سبھا کے رکن سی ایم رمیش نے واضح کیا کہ اے پی کی اپوزیشن جماعت وائی ایس آرکانگریس نہیں چاہتی کہ کڑپہ میں اسٹیل پلانٹ قائم کیاجائے ۔انہوں نے اسٹیل پلانٹ کے قیام کیلئے اقدام کرنے کی مرکز کو ہدایت دینے کی نائب صدر جمہوریہ سے خواہش کی اور کہا کہ اسٹیل پلانٹ کے مسئلہ پرضلع میں احتجاج کیاجارہا ہے اور انہوں نے خود اس مسئلہ پر بھوک ہڑتال کی تھی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ اسٹیل پلانٹ کے قیام کے لئے کڑپہ میں تمام طرح کے وسائل دستیاب ہیں۔ریل اور روڈ نٹ ورک کی بھی سہولت اس ضلع میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ نائب صدر جمہوریہ نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ متعلقہ وزیرکے علم میں اس بات کو لائیں گے ۔