تلنگانہ کے دھوکہ باز برسر اقتدار! سیاسی بدلاؤ ضروری

وسط مدتی انتخابات کا پروگرام آخر کیوں ؟۔ کریم نگر میں عوامی ریالی سے پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب

کریم نگر۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقتدار کو اپنے ذاتی مفادات اور ضروریات کیلئے استعمال کررہے افراد کو گھر کی راہ بتانے کیلئے اس کتہ پلی حویلی منڈل سے بدلتی سیاست کی شروعات کا آغاز ہونا چاہیئے۔ اس سلسلہ میں عوام کا تعاون چاہیئے۔ تلنگانہ جنا سمیتی صدر پروفیسر کودنڈا رام نے خواہش ظاہر کی۔ کتہ پلی حویلی منڈل مستقر پر منعقدہ بائیک ریالی میں شرکت کے بعد انہوں نے پارٹی پرچم لہرایا۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبل از وقت عام چناؤ کا کیوں پروگرام بنایا جارہا ہے۔ برسراقتدار پارٹی کو ان حالات اور وجوہات کے بارے میں عوام کو واقف کروایا جائے۔ تلنگانہ تحریک میں رکاوٹ پیدا کرنے والے غداروں ، دھوکہ بازوں کو پارٹی میں کیوں شامل کیا جارہا ہے، تعجب خیز معاملہ ہے۔کسانوں کو زرعی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں دی جارہی ہے۔2014 میں ایک لاکھ 7ہزار ملازمتوں کے ساتھ 50ہزار سنگارینی ملازمتیں حاصل ہوں گی کہنے والے کے سی آر ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کررہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اراضیات کی تنقیح کے نام پر پاس بکس کی تقسیم و حوالگی تتر بتر ہوچکی ہے۔ اراضیات کی تنقیح ریکارڈ وغیرہ میں بے شمار غلطیاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ جنا سمیتی اس سلسلہ میں منصوبہ عمل تیار کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو متوجہ کروائے گی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم کے نام پر اینٹ کی بے حساب خریدی کی جارہی ہے۔ اس طرح کی زیادتیوں کے خاتمہ کیلئے عوام کا ساتھ دینے کیلئے تلنگانہ جنا سمیتی ( ٹی جے ایس ) سیاسی پارٹی تشکیل دی گئی ہے۔