امیج ٹاور کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر آئی ٹی کا خطاب
حیدرآباد 5 نومبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ ریاست کو انیمیشن ۔ وی ایف ایس ۔ گیمنگ ہب بنایا جائیگا ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے باوقار امیج ٹاور کا رائے درگم میں سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ ٹاور ٹی وضع میں تعمیر کیا جائیگا اور اسے 10 ایکڑ اراضی پر پبلک ۔ پرائیورٹ پارٹنر شپ اساس پر تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یہ حیدرآباد میں ایک اور سنگ میل بن جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندازہ کے مطابق 946 کروڑ روپئے کے اخراجات ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹاور کو T شکل میں بنایا جائیگا تاکہ تلنگانہ اور ٹکنالوجی کی عکاسی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کی ترقی کیلئے ہر موقع سے استفادہ کرینگے اور ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہر امکان کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اب تیزی سے ترقی کر رہی ریاست ہے اور اسے ملک بھر میں آئی ٹی شعبہ میں اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیمنگ اور انیمیشن میں 100 کمپنیوں کی جانب سے حیدرآباد میں 30,000 افراد کو روزگار اور ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ آئندہ مزید تین سال میں حیدرآباد کو ایک مثالی شہر بنادیا جائیگا ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ انیمیشن ۔ گیمنگ ۔ وی ایف ایکس صنعت کا ریاست تلنگانہ میں شاندار مستقبل ہے ۔ وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس شعبہ میں روزگار کے مواقع میں کئی گنا اضافہ ہوگا ۔