تلنگانہ و چار ریاستوں میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوگا

کے سی آر نے خواتین سے ناانصافی کی ‘ مہیلا گرجنا سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8اکٹوبر ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کے ساتھ دیگر چار ریاستوں میں کانگریس اقتدار کی پیش قیاسی کی اور 12 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کا دعویٰ کیا ۔ تلنگانہ کابینہ میں کسی خاتون کو شامل نہ کرکے خواتین کی توہین کا کارگذار چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ ۔ وہ جیڈی میٹلہ میں ’ مہیلا گرجنا ‘ سے خطاب کر رہے تھے ۔ سابق وزیر ڈی کے ارونا مہیلا کانگریس صدر این شاردا و دوسرے موجود تھے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ خواتین کی توہین کرنے والی ٹی آر ایس اور کے سی آر کو خواتین سے ووٹ مانگنے کا اخلاق حق نہیں ہے ۔ سارے ملک میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے ۔ تلنگانہ کے ساتھ ملک کی دیگر ریاستوں راجستھان ‘ چھتیس گڑھ ‘ مدھیہ پردیش اور میزورم میں کانگریس کامیابی حاصل کریگی ۔ تلنگانہ میں کانگریس 12 ڈسمبر کو حکومت تشکیل دیگی ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے اوپنین پول سے منظر صاف ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ میں سارے سروے کانگریس کے حق میں ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس صدر راہول گاندھی وزیراعظم بن جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سال سے ریاست میںخواتین سے ناانصافی ہورہی ہے ۔ تلنگانہ کابینہ میں ایک بھی خاتون کو نمائندگی نہ دے کر کے سی آر نے 1.90کروڑ خواتین کی توہین کی ہے ۔ کانگریس حکومت میں خواتین کا احترام کرنے اور معاشی و سیاسی طور پر خواتین کو خودمختار بنانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے بھاری قرض دیا گیا ۔ ٹی آر ایس حکومت میں سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو یکسر نظرانداز کردیا گیا ۔ انہیں بینکوں سے قرض فراہم نہیں کیا گیا اور نہ مالی امداد دی گئی ۔ اُتم کمار نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی ۔ سیلف ہیلپ گروپس خواتین میں فی گروپ ایک لاکھ روپئے گرانٹ دیا جائیگا ‘ جس سے 72 لاکھ خواتین کو فائدہ ہوگا ۔ بینکوں سے ہر گروپ کو 10لاکھ روپئے قرض دلایا جائیگا اور اس کا سود حکومت ادا کریگی ۔ اُتم کمار نے ابھئے ہستم اسکیم کو بحال کرنے اور تمام وظیفوں کو دوگناہ کرنے کا وعدہ کیا ۔سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو 5لاکھ روپئے تک حادثاتی انشورنس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوںنے ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومت کی جانب سے پٹرول ‘ ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام بالخصوص خواتین پر بوجھ عائد کردینے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس اقتدار پر سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندان کو سالانہ 6 پکوان سیلنڈر مفت ‘ راشن شاپس سے 9 ضروری اشیاء سبسیڈی پر تقسیم کرنے اور ایس سی ۔ ایس ٹی طبقات کیلئے مفت تقسیم کا وعدہ کیا ۔ کانگریس حکومت کی جانب سے تعمیر کئے گئے اندراماں ہاؤزنگ اسکیمات کے مکانات میں ایک روم اور باتھ رومس تعمیر کرنے دو لاکھ روپئے ادا کرنے اپنی ذاتی اراضی پر مکانات تعمیر کرنے والوں کو 5 لاکھ روپئے ادا کرنے کا وعدہ کیا ۔