دونوں ریاستوں میں خوشگوار تعلقات کی طرف پیشرفت ، چیف منسٹرس چندر شیکھر راؤ اور فڈنویس کا تاثر
حیدرآباد /23 اگست ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور چیف منسٹر مہاراشٹرا فڈنویس نے آج دریائے گوداوری پر تین بیارجس تعمیر کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے ۔ جس سے تلنگانہ کو دریائے گوداوری کے 950 ٹی ایم سی پانی استعمال کرنے کی سہولت حاصل ہوئی ہے ۔ کے سی آر نے مستقبل میں بھی مہاراشٹرا سے دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ جبکہ فڈنویس نے کہا کہ ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر ہی ترقی ممکن ہے ۔ ممبئی کے ساہادری گیسٹ ہاوز میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس نے میڈی گڈا ، تمڈی ہٹی اور چانکا کوٹرا بیارجس کی تعمیرات سے متعلق تین معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جس سے ریاست تلنگانہ کو دریائے گوداوری سے تلنگانہ کو مختص کردہ 950 ٹی ایم سی پانی سے استفادہ کرنے کی سہولت حاصل ہوئی ہے ۔ اس موقع پر دونوں ریاستوں کے وزرائے آبپاشی کے علاوہ دوسرے وزراء اور اعلی عہدیدار موجود تھے ۔ دونوں ریاستوں کے درمیان تاریخی معاہدے طئے پانے پر چیف منسٹر کے سی آرنے تلنگانہ عوام کی جانب سے چیف منسٹر مہاراشٹرا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی شعبہ میں دونوں ریاستوں کے درمیان تاریخی معاہدہ ہوا ہے ۔ اس معاہدے پر سنہری لفظوں سے دستخط کئے گئے ہیں ۔ مہاراشٹرا ہمیشہ شکر گذار رہنے کا ادعاء کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ان تاریخی معاہدوں کیلئے دونوں ریاستوں کے وزرائے آبپاشی بالخصوص ہریش راؤ نے کافی محنت کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مداخلت کے بغیر دونوں ریاستوں کے خوشگوار انداز میں طئے پانے والا یہ ملک کا پہلا معاہدہ ہے ۔ تلنگانہ سے ناانصافی ہونے کی وجہ سے گذشتہ 60 سے جدوجہد کی جارہی ہے ۔ مہاراشٹرا سے خوشگوار تعلقات استوار کئے جائیں گے اور تلنگانہ کی عوام چیف منسٹر مہاراشٹرا ، فڈنویس کی مرہون منت رہے گی ۔ چیف مسنٹر تلنگانہ نے کہا کہ اس معاہدے کیلئے دونوں ریاستوں نے کئی مرتبہ مذاکرات کئے ہیں اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ ماضی میں کانگریس کے دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کو نظر انداز کیا گیا ۔