پولیس کے بھاری انتظامات ۔کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا
حیدرآباد 25 جنوری ( سیاست نیوز ) متنازعہ فلم ’ پدماوت ‘ کی نمائش کا آج سارے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سخت سکیوریٹی میں آغاز ہوا ۔ یہ فلم دونوں تلگو ریاستوں میں 300 تھیٹرس میں ریلیز ہوئی اور دونوں ریاستوں میں کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سنگل اسکرین تھیٹرس اور ملٹی پلیکسیس میں پولیس دستوں کو متعین کردیا گیا تھا تاکہ شر پسندوں کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے ۔ سکندرآباد میں ٹیوولی تھیٹر پر سخت سکیوریٹی کا انتظام کیا گیا تھا جہاں نوجوانوں کے ایک گروپ نے دو دن قبل فلم پدماوت کے پوسٹر کو پھاڑ دیا اور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے خلاف نعرے لگائے تھے ۔ حیدرآباد کے درجنوں سنیما گھروں میں فلم پدماوت ہندی اور تلگو زبانوں میں ریلیز ہوئی ۔ چونکہ بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے پہلے فلم ریلیز کرنے والے تھیٹرس کو نذر آتش کردینے کا انتباہ دیا تھا تاہم بعد میں ان کے موقف میں نرمی آگئی اس لئے پولیس کو کسی ناخوشگوار واقعہ کی امید نہیں تھی تاہم احتیاط کے طور پر تھیٹرس پر سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ۔ راجہ سنگھ نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ریاست میں فلم کی ریلیز ہونے نہیں دینگے اور جس تھیٹر میں فلم ریلیز ہوگی اسے نذر آتش کردیا جائیگا ۔ تاہم اس نے بعد میں اپنے موقف میں نرمی پیدا کی اور کہا کہ کئی ہندو تنظیموں کے ذمہ داروں نے فلم کا مشاہدہ کیا اور انہیں پتہ چلا کہ فلم ساز نے متنازعہ مناظر کو فلم سے حذف کردیا ہے ۔ یہ فلم 16 ویں صدی عیسوی کے شاعر ملک محمد جائیسی کی نظم ’ پدماوت ‘ پر بنائی گئی ہے اور اس میں دپیکا پاڈوکون ‘ شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار اد کئے ہیں۔