نیٹ سے استثنیٰ کیلئے حکومت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں آج سماعت : سری ہری
حیدرآباد ۔ 2مئی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں انجنیئرنگ اور میڈیسن کورسیس میں داخلوں کیلئے ملتویہ ایمسیٹ 2016ء کا 15مئی کو انعقاد عمل میں لانے کا حکومت نے فیصلہ کیا اور ایمسیٹ 2016ء کیلئے ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری مختلف محکمہ جاتی تعلیمی اداروں میں امتحانی مراکز بنائے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر وزیر اعلیٰ تعلیم کے سری ہری نے آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا اور بتایا کہ ایمسیٹ اور ٹیٹ کے ملتویہ ٹسٹ کے دوبارہ انعقاد سے متعلق شیڈول کو قطعیت دینے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا گیا اور اس اجلاس میں تمام حالات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ایمسیٹ کا 15 مئی کو اور ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ’’ ٹیٹ 2016‘‘ کا 22مئی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمسیٹ 2016انجنیئرنگ میں جملہ 1,44,501 امیدوار شرکت کررہے ہیں ۔ اسی طرح ایمسیٹ میڈیشن میں 1,09,987 امیدوار شرکت کریں گے ۔ ایمسیٹ انجنیئرنگ اینڈ میڈیسن کیلئے ہال ٹکٹس 12 مئی سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں ۔ مسٹر سری ہری نے بتایا کہ اندرون 12یوم یعنی27مئی کو ایمسیٹ 2016 کے رینکس جاری کردیئے جائیں گے اور ماہ جون کے آغاز سے کونسلنگ کے عمل کا آغاز کیا جائے گا ۔ کونسلنگ کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی یکم جولائی سے انجنیئرنگ اور میڈیسن کورسیس کیلئے نئی تعلیمی سال ( کلاسیس) کاآغاز کردیا جائے گا ۔ڈپٹی چیف منسٹر نے اخباری نمائندوں کے نیٹ(NEET) سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کو نیٹ کے انعقاد سے استثنیٰ دینے کی اپیل کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں رٹ اپیل دائر کی گئی ہے ۔ اس دائر کردہ رٹ اپیل پر 3مئی کو سپریم کورٹ میں سماعت مقرر ہے اور اس طرح سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ہی ایمسیٹ یانیٹ کے انعقاد سے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی ۔ تاہم حکومت بالخصوص کنوینر ایمسیٹ نے میڈیکل ایمسیٹ کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور حکومت کو بھی اس بات کی قوی امید ہیکہ سپریم کورٹ ریاست تلنگانہ کیلئے نیٹ سے استثنیٰ دے گا ۔ مسٹر سری ہری نے بتایا کہ ریاست میں اساتذہ تقررات سے متعلق منعقد کئے جانے والے ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ ( ٹیٹ) کا 22مئی کو انعقاد عمل میں لانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور ٹیٹ کیلئے بھی امیدوار اپنے ہال ٹکٹس 13مئی تا 22مئی تک ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔ ٹیٹ کے امتحانی اوقات پرچہ اول 22مئی صبح 10بجے تا 12:30 بجے دوپہر اور پرچہ دوم دوپہر 2:30بجے تا 5:00 بجے شام ہوں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ٹیٹ کے نتائج کا یکم جون کو اعلان کردیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام جونیئرکالجس ‘ ڈگری کالجس و دیگر تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر سہولتیں ( تمام تر بنیادی سہولتیں ) بشمول سی سی کیمرے ‘ پانی کی فراہمی ‘ بیت الخلاؤں کی تعمیر ‘ باؤنڈری وال کی تعمیر و دیگر تمام سہولتیں ماہ جولائی تک فراہم کردی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ ایمسیٹ انجنیئرنگ کے امتحانی اوقات صبح 10 بجے تا 1:00بجے دوپہر اور میڈیسن و اگریکلچرل کیلئے دوپہر 2:30 بجے تا شام 5:30 بجے تک ہوں گے جبکہ اگریکلچرل اینڈ میڈیسن کیلئے حیدرآباد اور ورنگل میں آن لائن ٹسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم شریمتی آر آر آچاریہ ‘ مسٹر پاپی ریڈی صدر نشین ریاستیکونسل برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹراین وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔