تلنگانہ میں سرکاری مشنری کا بیجا استعمال ‘ صدر راج نافذ کیا جائے

گورنر کو اپوزیشن جماعتوں کی یادداشت ۔ صدر جمہوریہ سے بھی نمائندگی کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے آج گورنر نرسمہن سے ملاقات کی۔ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انعقاد کرانے تلنگانہ میں فوری صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرکے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کے خدشات کا اظہار کیا۔ گورنر سے مثبت ردعمل حاصل نہ ہونے کی صورت میں صدرجمہوریہ سے نمائندگی کا فیصلہ کیا۔ گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں کانگریس سے اتم کمار ریڈی، جانا ریڈی، ملو بٹی وکرامارک، تلگودیشم سے ایل رمنا، آر چندرشیکھر ریڈی، سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی، تلنگانہ جنا سمیتی سے پروفیسر کودنڈا رام اور دلیپ کمار کے علاوہ دوسرے شامل تھے۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ کے سی آر سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرکے پچھلے دروازے سے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کوشش کررہے ہیں۔ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کیلئے تلنگانہ میں صدر راج نافذ کرنے کا گورنر سے مطالبہ کیا گیا جس پر گورنر نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ سی پی آئی تلنگانہ کے چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں صدر راج ضروری ہوگیا ہے۔ تلنگانہ میں قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم صدر ایل رمنا نے کہاکہ کے سی آر تلنگانہ میں من مانی کرکے دستوری عہدوں پر مرضی مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی سے میچ فکسنگ کرکے من مانی کررہے ہیں۔ کانگریس، تلگودیشم اور سی پی آئی قائدین کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ ان کی بات نہ سننے والوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے اور جمہوریت کا خون کیا جارہا ہے۔ جس کے خلاف صدرجمہوریہ سے نمائندگی پر غور کیا جارہا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اگر کے سی آر کارگذار چیف منسٹر برقرار رہتے ہیں تو ریاست میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے امکانات نہیں ہیں۔ مودی اور کے سی آر عوامی حقوق سلب کررہے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مکمل ہونے سے پہلے انتخابات کیسے ممکن ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل کے سی آر نے نومبر میں انتخابات کی پیش قیاسی کرکے کمیشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ راجیو شرما پر بروکر کی طرح خدمات انجام دینے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کے سی آر کی سازش کو سمجھنے کی عوام سے اپیل کی۔ کانگریس کیڈر کو ڈرانے دھمکانے جگا ریڈی کو گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا۔ پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔