حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ میں گزشتہ دو دن سے شدید ترین سردی کی لہر جاری ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مزید سردی کی پیش قیاسی کی ہے ۔ بالخصوص رات اور صبح کی اولین ساعتوں کے دوران درجہ حرارت میں کمی کے سبب شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور برخلاف معمول 12 بجے رات سے پہلے ہی سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں ۔ حیدرآباد اور دیگر کئی اضلاع میں گرم ملبوسات کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ عادل آباد اس ریاست کا سرد ترین ضلع رہا ہے ۔ جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری تک گھٹ گیا ۔ جسموں کو ٹھٹھرادینے والی سردی سے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ دن کے اوقات بھی سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے ۔