حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں کہیں کہیں 3 تا 4 ڈگری سیلسیس تک کمی ہوجانے کا امکان ہے جس سے سردی میں شدت پیدا ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے آج یہ پیش قیاسی کرتے ہوئے کہاکہ ساحلی آندھراپردیش کے کئی مقامات پر اوسط کہر صبح کے اوقات میں رہے گی۔ محکمہ کے مطابق تلنگانہ، ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں آئندہ 5یوم کے دوران خشک موسم برقرار رہے گا۔ تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید سردی کی لہر پائی گئی۔ اننت پور اور آندھراپردیش کے آروگیہ ورم میں اقل ترین درجہ حرارت 15 ڈگری درج ہوا۔جبکہ عادل آباد اور حیدرآباد میں یہ ترتیب وار 7 اور 14.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ حیدرآباد کے آس پاس صبح میں شبنم اور ابر آلود موسم دیکھنے میں آرہے ہیں۔