کل ہند صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج 76 ویں نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے مختصر خطاب کے دوران ریاست کے شہریوں کے علاوہ کل ہند صنعتی نمائش میں بغرض تجارت پہونچنے والے تاجرین کو سال نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نمائش کے ذمہ داروں سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں چھوٹے اور بڑے تاجرین اور کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ترغیبات پیش کی جائیں گی، تاکہ روزگار کے مواقع دستیاب ہوں اور ریاست کی معاشی ترقی کے لئے راہ ہموار ہوسکے۔ چیف منسٹر نے ہر سال نئی مصنوعات کی تشہیر اور کاروبار میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیا اور اس خصوص میں صنعتی نمائش کے رول کی ستائش کی۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر کی زیرصدارت منعقدہ تقریب میں مسٹر انیل سوروپ مشرا نائب صدر نمائش سوسائٹی، مسٹر آدتیہ مارگم جوائنٹ سکریٹری نمائش سوسائٹی کے علاوہ دیگر ذمہ داران سوسائٹی و معززین شہر موجود تھے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مختصر وقت کے لئے تقریب میں شرکت کی اُن کے ہمراہ ریاستی وزراء مسٹر این نرسمہا ریڈی، مسٹر ٹی سرینواس یادو، مسٹر پدما راؤ کے علاوہ رکن پارلیمنٹ، مسٹر کے کیشو راؤ رکن راجیہ سبھا، مسٹر نرسیا گوڑ رکن پارلیمنٹ، مسٹر وینو گوپال چاری مشیر برائے حکومت تلنگانہ، مسٹر سرینواس گوڑ رکن اسمبلی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر کے افتتاحی خطاب کے بعد مسٹر ای راجندر نے صدارتی خطاب کے دوران بتایا کہ محکمہ مال کے عہدیدار رخصت پر ہونے کے باعث نمائش سوسائٹی کو آج اراضی کی حوالگی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش واحد ایسی جگہ ہے جہاں نمائش کے ذریعہ ہونے والی آمدنی کو فلاحی و تعلیمی کاموں پر خرچ کیا جارہا ہے۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ اضلاع میں بھی نمائش کو وسعت دینے کی کوشش کی جارہی ہے اور کریم نگر میں بھی سوسائٹی کی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کے آغاز پر اس مرتبہ وندے ماترم نہیں پڑھا گیا۔ واضح رہے کہ سابق کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خان خالد نے وندے ماترم سے نمائش کا آغاز کئے جانے کے خلاف سخت انتباہ دیا تھا۔ مسٹر آدتیہ مارگم نے افتتاحی تقریب کے آخر میں اظہار تشکر کے دوران سوسائٹی کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی سرگرمیوں اور تعلیمی ادارہ جات کی تفصیلات پیش کی۔ 76 ویں نمائش کے افتتاح کے موقع پر نواب قاری اقبال علی خان، جناب سید شاہ نورالحق قادری، جناب جی اے نورانی کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔ بعدازاں وزیر فینانس و صدر نمائش سوسائٹی ایٹالہ راجندر نے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نمائش سوسائٹی کو اراضیات کی حوالگی کے سلسلہ میں تمام تر اقدامات مکمل کئے جاچکے ہیں۔ اُنھوں نے اس عمل میں ہونے والی تاخیر کی وجوہات سے واقف کرواتے ہوئے ابتدائی طور پر یہ تصور کیا جارہا تھا کہ یہ اراضی محکمہ مال کی ملکیت ہے لیکن بعدازاں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ اراضی محکمہ عمارات و شوارع کی ملکیت تھی جسے محکمہ مال کے حوالہ کیا جانا تھا جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ اندرون دو ہفتے اس سلسلہ میں جی او جاری کردیا جائے گا۔