پروفیسر کودنڈا رام کی پارٹی میں شامل ہونے تیار ، صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا کی رہائش گاہ پر اجلاس
حیدرآباد۔13ستمبر(سیاست نیوز)تلنگانہ میں مجوزہ انتخابات کے سلسلہ میں سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اوران سرگرمیوں کے دوران آج اپوزیشن جماعتوں کے عظیم اتحاد کے سلسلہ میں دوسرے مرحلہ کی بات چیت منعقد ہوئی جس میں تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسرکودنڈا رام کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کے طرز حکمرانی کے خلاف تیار کئے جانے والے مشترکہ اقل ترین منصوبہ کا صدرنشین بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم مسٹر ایل رمنا کے مکان پر منعقدہ اس اجلاس میں کانگریس‘ سی پی آئی اور ٹی جے ایس قائدین موجود تھے۔ بتایاجاتاہے کہ پروفیسر کودنڈا رام ریڈی کی سیاسی جماعت تلنگانہ جنا سمیتی نے حکومت کے خلاف تیار کئے جانے والے عظیم اتحاد میں شمولیت پر رضا مندی ظاہر کردی ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ قبل ازیں پہلے مرحلہ کی بات چیت میں ٹی جے ایس قائدین نے شرکت نہیں کی تھی جس کے سبب یہ کہا جا رہاتھا پروفیسر کودنڈا رام عظیم اتحاد سے خود کو دور رکھیں گے لیکن اب جبکہ دوسرے مرحلہ میں تلنگانہ جنا سمیتی قائدین نے شرکت کرتے ہوئے عظیم اتحاد میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کردی ہے تو ایسی صورت میں اتحاد کی طاقت میں اضافہ کے امکان پیدا ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ صدر تلگو دیشم مسٹر ایل رمنا کے مکان پر منعقد ہونے والی اس بات چیت میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا قائد کامریڈ چاڈا وینکٹ ریڈی ‘ پروفیسرکودنڈا رام‘ مسٹر دلیپ کمار کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ تحریک تلنگانہ میں پروفیسر کودنڈا رام کی کارکردگی اورکلیدی کردار کو دیکھتے ہوئے انہیں عظیم اتحاد کے مشترکہ اقل ترین منصوبہ کا صدرنشین بنائے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے مجوزہ انتخابات میں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر آئندہ چند یوم میں ایک اور اجلاس منعقد ہوگا اور ریاست میں حکومت کے خلاف محاذ کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔آئندہ اجلاس کے دوران ہی پروفیسر کودنڈا رام کو مشترکہ اقل ترین منصوبہ کے صدرنشین کے طور پر نامزد کئے جانے کے سلسلہ میں بھی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔