تلنگانہ میں آج یوم تاسیس تقاریب،ریاست بھر میں جشن

پریڈ گراؤنڈ سکندرآبادپرمرکزی تقریب، گورنر اور چیف منسٹر کی شرکت، پولیس کے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد۔ یکم جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کل 2جون کو یوم تاسیس جشن کابڑے جوش و خروش سے انعقاد عمل میں آئے گا۔ سب سے بڑی تقریب پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر منعقد ہوگی جس میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ شرکت کریں گے۔تلنگانہ کے دیہی علاقوں سے لیکر شہری علاقوں تک ہر سطح پر یوم تاسیس کا جشن منایا جارہا ہے۔ سرکاری تقاریب بھی منعقد ہوں گی۔ 2جون 2014 کو تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں کو بقعہ نور بنایا گیا ہے۔ ٹینک بنڈ حسین ساگر کے علاوہ لمبنی پارک، سکریٹریٹ، انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کو روشنی سے منور کیا گیا ہے۔ عبادت گاہوں میں بھی روشنی کی گئی ہے۔ ہندوستان کی 29ویں ریاست کی حیثیت سے تلنگانہ کے قیام کا جشن منانے کیلئے حیدرآباد شہر میں تہوار جیسا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ اس موقع پر ریاست بھر میں کئی کلچرل پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت نے تلنگانہ کے 10اضلاع کو فی ضلع 30لاکھ روپئے منظور کئے ہیں تاکہ وہ 2جون تا 7جون کے درمیان یوم تاسیس تلنگانہ کا انعقاد عمل میں لائے۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر تحریک تلنگانہ کے دوران شہید ہونے والوں کے ارکان خاندان کو بھی تہنیت پیش کی جائے گی۔یوم تاسیس کے موقع پر سکندرآباد پریڈ گراونڈ میں منعقد ہونے والی تقریب کے پیش نظر پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں اور اس موقع پر ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی بی سومتی نے بتایا کہ پریڈ گراونڈ بندوبست کیلئے 3000 پولیس ملازمین کو متعین کیا گیا ہے اور 300 پولیس عہدیداروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں پریڈ گراونڈ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں تلاشی مہم جاری رکھے گی۔ بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے جشن یوم تاسیس کے موقع پر پولیس نے سکندرآباد پریڈ گراونڈ میں بیاگیج، ٹفن باکس، کسی بھی قسم کے لگیج پر امتناع عائد کیا ہے۔ شریمتی سومتی نے بتایا کہ اس موقع پر ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے گئے ہیں اور سکندرآباد جمخانہ گراونڈ ملٹری انجینئرنگ آفس کے احاطہ میں گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور انہوں نے پاس رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہیکہ وہ اپنے انٹری پاسیس کو گاڑی پر چسپاں کریں تاکہ سکندرآباد پریڈ گراونڈ کی سمت آسانی سے جا سکیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس جشن کو مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کڑی نظر رکھی جائے گی۔