چیف منسٹر نے سرکاری مشنری کو متحرک کردیا ۔ فوج و بحریہ چوکس ۔ شہر میں کمشنر بلدیہ و کمشنر پولیس کو بھی ہدایات
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آئندہ 2 دن میں تیز بارش کی پیش قیاسی کے بعد سرکاری مشنری کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا ۔نشیبی علاقوں اور مخدوش عمارتوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ضرورت پڑنے پر راحت کاری کے اقدامات کیلئے فوج اور ایرفورس کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کامشورہ دیا ۔ریاست میں تیز بارش ہونے کی پیش قیاسی کے بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے چیف سکریٹری راجیو شرما اور محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری پردیپ چندرا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاست بھر میں سرکاری مشنری کو چوکس رکھنے اور تمام احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ، ساتھ ہی چیف منسٹر نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی اور حیدرآباد کے سٹی پولیس کمشنر مہندر ریڈی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اضلاع و حیدرآباد میں احتیاطی اقدامات کی قبل ازیں حکمت عملی تیار کرنے کی ا نھیں ہدایت دی ہے۔کے سی آر نے تمام اضلاع کے کلکٹرس اور ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی اقدامات کے لئے سرکاری محکمہ اور پولیس کی خدمات کو تیار رکھیں۔ تمام کلکٹریٹس میں کنٹرول روم قائم کرنے اور حالت پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔ ریاستی سطح کیلئے کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے (040-23454088) اس سے ربط میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ریاست کے تمام مقامات میں جہاں نشیبی علاقے ہیں وہاں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر سے ہدایت ملنے کے بعد پرنسپل سکریٹری محکمہ مال پردیپ چندرا نے تلنگانہ کے تمام کلکٹرس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ۔ اضلاع کے ایس پیز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی سے فوری اجلاس طلب کرتے ہوئے بارش سے جن علاقوں میں مسائل پیدا ہوئے ہیں اس کی قبل ازیں نشاندہی کرنے اور وہاں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ محفوظ مقامات میں پینے کے پانی ، برقی کی سربراہی ، صاف صفائی کے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ ، ایمبولینس ، عام ادویات اور ایمرجنسی خدمات انجام دینے کیلئے تیار رہنے کی محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے ۔ ضرورت پڑھنے پر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ، فوج اور ایرفورس کی خدمات سے بھی استفادہ کرنے کیلئے تیار رہنے پر زور دیا گیا ہے ۔ برقی شاک جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ڈسکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ریلوے لائن ، نشیبی علاقے پر جس کے پاس پانی کی سطح کی جانچ کرتے رہنے ، تالابوں میں شگاف وغیرہ پر بھی نظر رکھنے کی محکمہ آبپاشی اور دیہی علاقوں کے وی آر اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے جس کے ساتھ ہی مختلفمقامات پر عملہ چوکس ہوگیاہے۔