تمام سرکاری و خانگی اسکولوں میں اول تا 12ویں تدریس کی تیاری‘کڈیم سری ہری کا سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔29 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا ہے کہ تلگو کو آئندہ تعلیمی سال سے لازمی مضمون بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ تلگو زبان کو طلبہ کیلئے دلچسپ بنائیں ۔ کڈیم سری ہری نے جن کے پاس تعلیم کا قلمدان بھی ہے تلگو زبان کو آئندہ تعلیمی سال سے لازمی مضمون بنانے حکومت کے فیصلے پر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں غور و خوص کیا ۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ سال ستمبر میں ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں میں اول سے 12ویں جماعت تک تلگو زبان کو آئندہ تعلیمی سال سے لازمی مضمون بنانے کا فیصلہ کی تھی۔ سری ہری نے کہا کہ تلگو کو طلبہ کیلئے دلچسپ اور زیادہ سے زیادہ نشانات دلانے والا مضمون بنایا جانا چاہیئے اور اس نصابی مضمون سے طلبہ کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تلگو نصابی کتب اس انداز میں تیار کی جائیں گی جو ایسے طلبہ کیلئے بھی آسانی ہوں گی جنہوں نے ابتدائی جماعتوں میں یہ مضمون نہیں پڑھا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ٹاملناڈو ‘ پنجاب اور دہلی جیسی ریاستوں میں مادری زبان کو جس طرح لازمی سبجکٹ کے طور پر پڑھایا جارہا ہے اسی تعلیمی نظام کے خطوط پر سی بی ایس ای و آئی سی ایس ای میں بھی تلگو زبان کو لازمی سبجکٹ کے طور پر پڑھانے کیلئے کئے جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اُن سے بہتر رہنمایانہ اصول تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر کی جانب سے تلگو کو لازمی سبجکٹ کے طور پر پڑھانے کا فیصلہ کرنے کے بعد تشکیل دی گئی ۔ سب کمیٹی نے ملک کے مختلف ریاستوں میں عمل کئے جانے والے تعلیمی نظام کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر کو اس کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ آئندہ تعلیمی سال سے پہلی جماعت تا انٹرمیڈیٹ تک تلگو زبان کو لازمی سبجکٹ کے طور پر پڑھانے کے تمام انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ پانچویں جماعت تک تلگو نہ پڑھنے والے طلبہ کیلئے چھٹویں جماعت سے آسان طریقہ سے تلگو زبان سکھانے کیلئے نصابی کتب تیار کی جارہی ہے ۔ ساتویں جماعت تک تلگو نہ پڑھنے والے طلبہ کیلئے آٹھویں جماعت سے تلگو پڑھانے دسویں جماعت تک تلگو نہ پڑھنے والے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ کے فرسٹ ایئر سے آسان زبان میں تلگو پڑھانے کیلئے نصاب کتب تیار کئے جارہے ہیں ۔ سب کمیٹی کے ارکان نے ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا کہ سی بی ایس ای ‘ آئی سی ایس ای میں بھی تلگو زبان کو لازمی سبجکٹ کے طور پر پڑھانے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گیا جس پر انہوں نے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ لینگویج پنڈتوں کی ترقی کے مسئلہ پر بھی ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے مشاورت کی انہیں ترقی دینے کیلئے قانونی رائے حاصل کرنے اور رہنمایانہ اصول جاری کرنے پر زور دیا ۔