تلنگانہ قائدین حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں : نائیڈو

حیدرآباد ۔ یکم جون ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم صدر این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کے تلنگانہ قائدین سے کہا ہے کہ وہ آندھرا پردیش میں پارٹی کی انتخابی شکست کے باوجود تلنگانہ میں پورے حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں۔ تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین نے آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر سے ان کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ملاقات کی ۔ تلگودیشم ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کے پارٹی قائدین سے کہا کہ تلگودیشم نے اپنے سیاسی سفر میں اب تک کئی اتار چڑھاو دیکھے ہیںاور پارٹی قائدین کو چاہئے کہ وہ مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھیں اور پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند رکھیں۔ تلگودیشم کو جہاں تلنگانہ کے انتخابات میں شکست ہوئی تھی وہیں حالیہ لوک سبھا انتخابات اور آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ریاست میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور اسے 175 کے منجملہ 151 نشستوں پر جیت حاصل ہوئی تھی ۔