تلنگانہ اور اے پی میں موسلادھار بارش

خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤمیںکمی ‘ دو دن کے دوران طوفانی بارش کا امکان

حیدرآباد ۔ 27جون ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے کئی اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آئندہ دو دن کے دوران موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ اضلاع عادل آباد ‘ نظام آباد ‘ کریم نگر ‘ ورنگل ‘ رنگاریڈی ‘ محبوب نگر ‘ میدک ‘ نلگنڈہ اور حیدرآباد میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کہیں موسلادھار اور کہیں طوفانی بارش ہوگی ۔ جنوبی اڈیشہ اور آندھراپردیش کے شمالی ساحل پر شمال مغربی خلیل بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ہوئی ہے جس کے اثر سے آندھراپردیش کے ساحلی علاقوں طوفانی بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ مانسون کا موسم مغربی سمت پیشقدمی کررہا ہے جس سے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں آئندہ پانچ دن کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں مطلع ابرآلود رہے گا اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ دونوں شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم 23ڈگری سلسیس رہے گا ۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آج بارش ریکارڈ کی گئی ۔ حیدرآباد میں شام کے اوقات کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوگی ہوئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا ۔