تلنگانہ اور اے پی میں شدید گرمی، لو لگنے سے 19ہلاک

درجہ حرارت 40تا44 ڈگری ریکارڈ، ساحلی آندھرا میں بجلی گرنے سے 14 افراد جھلس کر فوت

حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے جہاں 40 تا44 ڈگری سیلسیس کے درمیان درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں ریاستوں میں لو لگنے سے اب تک 19افراد فوت ہوئے ہیں۔ اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صرف تلنگانہ میں12 اموات ہوئی ہیں جبکہ آندھرا پردیش میں 7افراد گرمی سے فوت ہوئے۔ عادل آباد اور نظام آباد اضلاع میں 44 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ روزانہ کام کرنے والے مزدور، سیاحوں، ٹھیلہ بنڈی والوں اور عمر رسیدہ افراد لو لگنے کا شکار ہورہے ہیں۔ حیدرآباد میں 42 ڈگری سیلسیس، ہنمکنڈہ میں 41 اور حکیم پیٹ میں 41 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ میں گرمی کی لہر چل رہی ہے۔ آندھرا پردیش کے رائلسیما علاقہ کرنول اور نندیال میں 43 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ہے۔ اننت پور42 ، کڑپہ 41 اور تروپتی میں 40 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ہے۔ تاہم ساحلی آندھرا میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے سے 14افراد جھلس کر فوت ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں بجلی گرنے کے کئی واقعات ریکارڈ کئے گئے ۔ ریاستی ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ بجلی گرنے سے وجیا نگرم میں 3، گوداوری میں 2 ، سریکاکولم، وشاکھاپٹنم ، مشرقی گوداوری میں ایک ، ایک شہری ہلاک ہوا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں کل بھی ژالہ باری کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی اور بوندا باندی ہوگی۔ورنگل، محبوب آباد، نلگنڈہ اور کھمم میں تیز بارش کا امکان ہے۔

 

شہر میں بعض مقامات پر بارش ٹھنڈی ہوائیں، موسم خوشگوار
حیدرآباد ۔2مئی (سیاست نیوز) شہر کے کئی علاقو ں میں آج گھن گرج اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم کچھ دیر کے لئے خوشگوار ہوگیا لیکن شہر کے بعض مقامات پر ہی بوندا باندی اور تیز ہوائیں چلی جس کے باعث گرمی کی شدت میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چارمینار‘ ٹولی چوکی‘ جوبلی ہلز اور اطراف کے علاقو ںمیں شام کے وقت سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور رات کی ابتداء سے ہی ہلکی بوندا باندی اور تیز ہوائیں چلیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے راڈر پر موسم کی صورتحال کودیکھتے ہوئے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا تھا تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں حالات پر فوری قابو پایا جاسکے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہونے اورتیز ہوائوں کے سبب بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی تھی لیکن بعض مقامات پر بوندا باندی ریکارڈ کی گئی ۔شہر میںدرجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا۔ گزشتہ دو دن سے گرم لو چل رہی تھی۔ آج شام سے موسم ابر آلود رہا اورمختلف مقامات ہلکی بارش ہوئی جس سے عوام کو راحت ملی۔