اقلیتی اقامتی اسکولس کی تفصیلات پیش ، فنڈ میں اضافہ کی خواہش
حیدرآباد۔ 28 ۔ فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین نے کمیشن کے ارکان محمد ارشد علی خان اور سریندر سنگھ کے ہمراہ نئی دہلی میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی۔ اقلیتی کمیشن کا وفد دہلی میں ملک کی تمام ریاستوں کے کمیشنوں کے اجلاس میں شرکت کیلئے موجود ہے۔ مختار عباس نقوی سے ملاقات کے دوران صدرنشین کمیشن نے تلنگانہ میں اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں قائم کردہ 204 اقامتی اسکولوں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکولوں میں مفت تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے اور کارپوریٹ طرز کی سہولتیں حاصل ہیں۔ قمرالدین اور کمیشن کے ارکان نے مختار عباس نقوی سے خواہش کی کہ مرکز اقامتی اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کیلئے فنڈس جاری کرے۔ انہوں نے اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق مرکزی اسکیمات سے زائد حصہ تلنگانہ کو الاٹ کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کے اقدامات میں تلنگانہ ریاست ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیت دوست اور سیکولر قائد ہیں، جنہوں نے اقلیتوں کے حق میں نئی اسکیمات کا آغاز کرتے ہوئے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ صدرنشین کمیشن نے تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی خواہش کی ۔ مختار عباس نقوی نے تلنگانہ میں قائم کردہ اقامتی اسکولوں کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے دیگر ریاستوں کو مشورہ دیا ہے کہ تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کریں۔ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کو زائد فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا۔