تلنگانہ اقلیتی کمیشن میں 7 مختلف مقدمات کی سماعت

رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی کی حاضری،مسلم ملازم کو ترقی دینے کا تیقن
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے آج 7 مختلف مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی ہیں۔ صدرنشین کمیشن محمد قمرالدین اور دیگر ارکان نے مقدمات کی سماعت کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں ناانصافی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران رجسٹرار یونیورسٹی کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ محمد انصاری نے شکایت کی کہ یونیورسٹی حکام انہیں ترقی سے محروم کر رہے ہیں۔ کمیشن نے رجسٹرار سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ رجسٹرار نے تیقن دیا کہ یونیورسٹی کی اگزیکیٹیو کونسل کے اجلاس میں اس مسئلہ کو پیش کیا جائے گا اور درخواست گزار کو انصاف دلانے کی کوشش کی جائے گی ۔ اگزیکیٹیو کونسل کا اجلاس جولائی کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوگا ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 23 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے درگاہ آلور ضلع پدا پلی کے مقدمہ میں وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ سروے کا کام مکمل کرتے ہوئے اراضی کو اپنی تحویل میں لے۔ اندرون ایک ماہ ریونیو کے ساتھ مشترکہ سروے کا اہتمام کیا جائے اور کمیشن میں رپورٹ پیش کی جائے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے صدرنشین کمیشن کو تیقن دیا کہ اراضی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ درخواست گزار محمد فاروق نے وقف بورڈ کے تساہل کی شکایت کی۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن نے جن دیگر مقدمات کی سماعت کی وہ ہاؤزنگ بورڈ ، وقف بورڈ ، ضلع کلکٹر ورنگل، ضلع کلکٹر کریم نگر سے متعلق تھے ۔ تمام مقدمات کی آئندہ سماعت 23 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔