تلنگانہ اسمبلی کیلئے 7 ڈسمبر کو رائے دہی ، 11 ڈسمبر کو گنتی

۔12 اکٹوبر تک قطعی ووٹر لسٹ کی اجرائی کا امکان ، چیف الیکشن کمشنر او پی راوت کی دہلی میں پریس کانفرنس

٭ 11 نومبر کو الیکشن نوٹیفیکیشن جاری ہوگا
٭ 19 نومبر تک پرچہ نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیں
٭ 20 نومبر کو پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح ہوگی
٭ 22 نومبر تک پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کا موقع

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سنٹرل الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے لیے انتخابات کا اعلان کردیا ہے ۔ 7 دسمبر کو رائے دہی ہوگی اور 11 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ آج سے ایک ماہ قبل 6 ستمبر کو چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی تحلیل کردی تھی ۔ تب سے تلنگانہ میں انتخابی مہم کا عملاً آغاز ہوگیا تھا ۔4 سیاسی جماعتیں عظیم اتحاد تشکیل دینے میں مصروف ہیں ۔ آج دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے ملک کے دیگر 4 ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ کے انتخابات کا بھی اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ووٹر لسٹ کا مسئلہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے ۔ 8 اکٹوبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے قطعی فہرست رائے دہندگان جاری ہونے والی تھی تاہم ہائی کورٹ نے قطعی فیصلہ ہونے تک فہرست جاری نہ کرنے کی الیکشن کمیشن کو ہدایت دیتے ہوئے پیر کو جواب داخل کرنے کی اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے ۔ او پی راوت نے کہا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد اندرون 6 ماہ انتخابات کرانا لازمی ہے ۔ ووٹر لسٹ کی اجرائی کے بعد انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ 12 اکٹوبر تک قطعی ووٹر لسٹ جاری ہونے کا قوی امکان ہے ۔ راوت نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل ہورہا ہے ۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ تلنگانہ اور راجستھان کیلئے ایک ہی دن رائے دہی ہوگی اور 11 کو ایک ہی دن نتائج بھی جاری ہونگے ۔۔