تغلق دور کے مقبرے کو شیومندر بنادیا گیا

نئی دہلی ۔ /4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے صفدر جنگ انکلیو کے قریب راتوں رات تغلق دور کے مقبرے کو شیوبھولا مندر میں تبدیل کردیا گیا ۔ اس مقبرے کو زعفرانی رنگ سے رنگا گیا اور دروازوں کا بھی رنگ تبدیل کردیا گیا ۔ دو ماہ قبل مارچ میں چند نامعلوم افراد نے اس مقبرے کا رنگ بدل کر اس کے اندر مورتی بھی بٹھادی ۔ مقبرے کے سامنے زعفرانی رنگ کے دو ٹیبل بھی نصب کردیئے گئے ۔ بی جے پی کونسلر رادھیکا ابورل کا نام بھی ان ٹیبلوں پر لکھ دیا گیا ۔ دہلی کے صفدر جنگ انکلیو کے ہمایوں پور موضع میں واقع اس مقبرے کا نام گومتی ہے ۔ یہ مقبرہ رہائشی عمارتوں اور پارک کے درمیان واقع ہے ۔ اس مقبرے کو ریاستی حکومت نے ’’ہیریٹیج‘‘ کا موقف دیا ہے ۔ تاہم مقبرے کو مندر بنانے کے واقعہ کے بعد دہلی حکومت کے محکمہ آثار قدیمہ نے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔ محکمہ آثار قدیمہ کی خاموشی سٹیزن چارٹر کی یکسر خلاف ورزی ہے ۔ کسی بھی تاریخی عمارت کو جسے ہیریٹیج قرار دیا گیا ہے اس کے اندر اور باہر کوئی چیز نہیں لکھی جاسکتی اور نہ ہی در و دیوار کو رنگ و روغن سے آراستہ کیا جاسکتا ہے ۔ 2010 ء اعلامیہ کے مطابق ریاستی اربن ڈیولپمنٹ نے اس مقبرے کو 767 ہیریٹیج مقامات میں سے ایک قرار دیا تھا اور اس مقبرے کو 2014 ء میں گریڈ 1 کی فہرست میں شمار کیا گیا ۔ لیکن گزشتہ چند دن سے تغلق دور حکمرانی کے اس مقبرے کو ہندوتوا کا رنگ دیا گیا ہے ۔