تصوف کے مراکز پورے ملک میں عوام کے رہنما

مسلم مذہبی قائدین کی مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات کے بعد بیان کا اجراء

نئی دہلی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) درگاہوں کے سجادہ نشینوں کے ایک وفدنے اجمیرشریف کی درگاہ کے سجادہ نشین کی زیرقیادت مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور وادی کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں، امن برقرار رکھیں اور حکومت کو معمول کے حالات بحال کرنے میں مدد کریں۔ وفد نے کہا کہ وہ کشمیر کا دورہ کریں گے اور اپنے بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کریں گے کہ امن قائم کرنے میں اپنا حصہ ادا کریں۔ دیوان جی سید زین العابدین صاحب سجادہ نشین درگاہ اجمیرشریف نے وفد کی کشمیر کے بارے میں تشویش میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ معمول کے حالات وادی کشمیر میں بحال کرنے اور عوام کے دکھ درد کو دور کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ مذہبی قائدین نے کہا کہ انہیں کشمیر میں موجودہ صورتحال سے دکھ پہنچا ہے جو 700 سال سے زیادہ عرصہ سے صوفی ازم کا مرکز رہا ہے۔ وفد نے گذشتہ کئی سال سے سماجی اقدار و اخلاق میں انحطاط کا مشاہدہ کیا ہے۔ مغربی تہذیب کی یلغار ایک طرف اور دوسری طرف مسلمانوں کی بنیاد پرستی سے مشترکہ تمدنی اقدار، امن اور بنی نوع انسان کی خوشی و مسرت کو بے انتہاء نقصان پہنچ رہا ہے۔ سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی  ؒ اور دیگر مذہبی قائدین نے اپنے ملک کے عوام کے مصائب پر اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے مصائب پر فکرمندی ظاہر کی اور کہا کہ امن کا مذہب تشدد اور دہشت گردی کے واقعات سے مربوط کیا جارہا ہے۔ وفد نے کہا کہ دنیا میں خلل اندازی کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ امن کی طاقت سے بڑی کوئی اور طاقت نہیں ہوتی۔ تشدد سے مصائب میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسانیت کے مسائل کا حل نہیں ہوتا۔ آج ہم امن اور ہم آہنگی سے تیز رفتار ترقی کرتے ہوئے ایک خوبصورت ملک میں قیام پذیر ہیں۔ وفد نے کہا کہ ہندوستان تصوف اور روحانی طاقتوں کی سرزمین ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی  ؒ اور حضرت نظام الدین اولیاء ؒ کی نئی دہلی میں درگاہ کے علاوہ ملک گیر سطح پر تصوف کے مراکز ہندوستانی عوام کی رہنمائی کرتے ہیں اور ان کی روحانی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں۔ بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل عوام کے مصائب دور کرتے ہیں۔ وفد میں ملک کے تمام بڑی درگاہوں کے سجادہ نشین شامل تھے۔