تریپورہ میں نصابی کتاب کے متن میں مسلم دشمن مواد

اگرتلہ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دائیں بازو کی ہندو انتہا پسند بی جے پی ہی نہیں بلکہ دیگر تنظیمیں بھی مسلم دشمن ہیں۔ کمیونسٹ بھی کچھ کم نہیں۔ تریپورہ میں اسکولی نصابی کتابوں میں ریاستی حکومت نے جس پر کمیونسٹ 25 سال تک حکومت کرچکے ہیں، مواد میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی ذہنیت اُن وجوہات میں سے ایک ہے جو فرقہ پرستی کی بنیاد ہیں۔ پولٹیکل سائنس کی کتاب کے متن میں جو سرکاری زیرانتظام اسکولوں میں پڑھائی جارہی ہے، اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام ہندوستان مخالف ذہنیت رکھتے ہیں کیوں کہ ان میں سے بیشتر مسلمان ہیں۔ یہ کتاب گزشتہ سال فروری کو اسکول کے نصاب میں شامل کی گئی تھی جبکہ ریاست پر سی پی آئی (ایم) کی حکومت تھی۔ اِس کے ایک باب کا عنوان ’’اقتدار کی تقسیم، جمہوریت، صنف اور ذات پات‘‘ ہے۔ یہ پولٹیکل سائنس کی کتاب دسویں جماعت کی ہے اور فرقہ پرستی کی اہم وجوہات میں سے ایک مسلمانوں کی ذہنیت کو بھی قرار دیا گیا ہے جو کسی کے ساتھ بھی مفاہمت نہیں کرتے اور نہ ملک کے اصل دھارے میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اُنھیں قوم کی سیکولر سیاست سے دلچسپی بھی نہیں ہے۔ وہ اپنا بیشتر وقت اپنے آزادانہ تشخص کو منوانے کے لئے صرف کرتے ہیں۔ کتاب میں مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں ہندو، مسلمانوں کو غدار اور بنیاد پرست سمجھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ مسلمان ملک کے دوسرے درجہ کے شہری ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ یہاں پر قابل احترام نہیں ہیں۔ یہ احساس ظاہر کرتا ہے کہ وہ فرقہ پرستی میں ملوث بھی ہیں۔ علاوہ ازیں کتاب میں مسئلہ کشمیر نام کا ایک باب بھی شامل ہے اور کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی فرقہ پرستی پر مسئلہ کشمیر کے اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔