ترکی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو ماننے سے انکار کردیا

انقرہ : ترکی نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں پر عمل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولوف چاؤش نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکی ایران کے خلاف امریکی پابندیو ں پر عمل نہیں کرے گا او راس فیصلہ سے امریکہ کو بھی آگاہ کردیاگیا ہے ۔

ترکی کے اس اعلان کے بعد ناٹو اتحادیوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ ترکی تیل او رقدرتی گیس کی ضروریات کیلئے ایران پر انحصار کرتا ہے ۔۔تاہم امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدہ میں توسیع نہ کرنے اور ایران پر اقتصادی پابندی عائد ہونے کے باعث ترکی کو مشکلات کا سامنا ہے ۔جس کے روس ،ترکی او رایران کی قربتیں بڑھ گئیں اور خطہ میں نئی صف بندی ہونے جارہی ہے ۔

واضح رہے کہ امریکہ نے ایران جوہری معاہدہ سے خود کو علیحدہ کرنے اور ایران پر سخت پابندیاں عائد کی ہیں ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا تھا کہ اگر امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے حوالہ سے سنجیدہ اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایران بھی ان کا برابر او ربھر پور جواب دے گا ۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکہ کی خلاف سخت زبان کا استعمال بند کرے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑے گا ۔