ترکی نے امریکہ کے دو وزراء کے اثاثہ منجمد کردئیے

ٹرمپ نظم و نسق کی کارروائی کے بعد صدر رجب طیب اردغان کا سخت قدم
جیسے کو تیسا

انقرہ ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام) : صدر ترکی رجب طیب اردغان نے آج کہا کہ انقرہ کی جانب سے ترکی میں امریکی وزراء جسٹس و داخلہ کے اثاثہ جات کو منجمد کردیا جائے گا ۔ امریکی پادری کی گرفتاری پر واشنگٹن نے ترکی پر پابندیاں عائد کی تھیں جس کے ردعمل میں صدر ترکی اردغان نے جیسے کو تیسا کارروائی کی ہے ۔ اردغان نے ٹیلی ویژن تقریر میں کہا کہ آج میں اپنے دوستوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ ترکی میں امریکی انصاف اور وزارت داخلہ کے وزراء کے اثاثہ جات کو منجمد کردیں ۔ انہوں نے اس کی نشاندہی نہیں کی کہ امریکی نظم و نسق کے کن ارکان کا وہ حوالہ دے رہے ہیں ۔ امریکی اٹارنی جنرل جیف شیس ہیں جب کہ امریکہ نے ترکی کی طرح وزارت داخلہ نہیں رکھتا البتہ سکریٹری آف انٹریر ریان زینگے ہیں اور ہوم لینڈ سیکوریٹی کے سکریٹری کرسئجن نیلسن ہیں ۔ اردغان نے اعلان کیا کہ ہم ٹرمپ نظم و نسق کے اس اقدام کے جواب میں یہ اعلان کررہے ہیں ۔ امریکہ نے ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سولو اور وزیر انصاف عبدالحمید گل کے خلاف تحدیدات نافذ کردئیے ہیں ۔ امریکہ کا یہ اقدام امریکی پادری کی گذشتہ دو سال سے ترکی کے زیر حراست رہنے پر کی ہے ۔ ترکی اور امریکہ ناٹو کے اتحادی ملک ہیں ۔۔