ترقی کی شرح میں کمی کیلئے ریزرو بنک کے سابق گورنر رگھورام ذمہ دار: نیتی آیوگ کے چیرمین راجیو کمار

نئی دہلی : مالی سال 2018-19ء کی پہلی سہ ماہی میں تین سال کی سب س زیادہ ترقی کی شرح درج ہونے کے بعد نیتی آیوگ کے وائس چیر مین راجیو کمار نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ تین سال کی معیشت میں درج ہوئی گراوٹ کیلئے ریزرو بنک کے سابق گورنر رگھو رام راجن ذمہ دار ہیں۔ واضح رہے کہ نیتی آیوگ کے وائس چیر مین راجیو کمار نے بھارتیہ ریزرو بنک (آر بی آئی )کے سابق گورنر راگھو رام راجن پر الزام لگایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق گورنر رام راجن کی پالیسیوں کی وجہ سے ترقی میں کمی آرہی ہے ۔ راجیو کمار نے کہا کہ ترقی بنکنگ کے شعبہ میں این پی اے کی وجہ سے گراوٹ آرہی تھی ۔ جب بی جے پی حکومت اقتدارپر آئی تو یہ رقم چار لاکھ کروڑ روپے تھی جو سال کے 2017ء کے وسط میں بڑھ کر پانچ عشاریہ دس لاکھ کروڑ تک پہنچ گئی ۔ سابق آر بی آئی گورنر مسٹر رام راجن نے انتہائی کمزور اورنان پرفارمنگ اثاثوں کی شناخت کیلئے طریقہ کار متعین کیا جس کی وجہ سے بنکوں نے صنعتوں کو قرضہ دینا بند کردیا ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ترقی کی شرح میں کمی کیلئے نوٹ بندی ذمہ دار نہیں ہے۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری طرح سے غلط سوچ ہے اورمیں اس بات پر خوف زدہ ہوکہ پی چدمبرم اور ہمارے سابق وزیر اعظم نے بھی ایسا کہا ہے ۔مسٹر راجیو نے کہا کہ نوٹ بندی اورترقی شرح گرنے کے درمیان راست طور پر کوئی ثبوت نہیں ہے۔