ترقی کی رفتار میں تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل

اپوزیشن پارٹیاں جھوٹے الزامات عائد کرنے سے باز آجائیں ، کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ ترقی کے معاملے میں ریاست تلنگانہ سارے ملک کے لیے رول ماڈل بن گئی ہے ۔ مخالفین تلنگانہ کے لیے ترقی منھ توڑ جواب ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں جھوٹے الزامات عائد کرنے سے باز آجائے ۔ ثبوت پیش کرنے پر وہ مستعفی ہوجائیں گے ۔ آج سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے کے ٹی آر نے سرمایہ کاری اور تجارت کے معاملے میں سارے ملک میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنی دور اندیشی اور صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔ اصلاحات کے ساتھ دو سال میں ریاست تلنگانہ کو ہر شعبہ میں نمبر ون مقام دلاتے ہوئے سارے ملک میں تلنگانہ کو رول ماڈل اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کا نام لیے بغیر کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کی صورت میں تلنگانہ میں صنعتی ترقی رک جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم آج تلنگانہ سرمایہ داروں کے لیے سارے ملک میں ترجیحی ریاست میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ بڑے پیمانے پر اصلاحات کا عمل جاری رکھنے سے ریاست کو کئی ایوارڈس حاصل ہوئے ہیں ۔ مختصر عرصہ میں تلنگانہ سارے ملک کے لیے قابل تقلید بن گیا ۔ سرمایہ کاری کے معاملے میں تلنگانہ 12 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 13 ویں مقام سے سرفہرست مقام تک پہونچ گیا ۔ تلنگانہ کو نمبر ون بنانے کے معاملے میں تمام محکمہ جات نے کافی محنت کی ہے ۔ تمام محکمہ جات میں تال میل پیدا کرتے ہوئے تجارتی شعبہ کو اعلیٰ مقام دلایا گیا ہے ۔ صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے 60 اجلاس منعقد کئے گئے 22 محکمہ جات کوایک دوسرے سے جورتے ہوئے کام کرنے سے یہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ صنعتی پالیسی کو لچکدار بنانے کے لیے 26 قوانین میں ترمیمات کی گئی ۔ لیبر ڈپارٹمنٹ میں 22 نئے کاموں کا آغاز کیا گیا ۔ بڑے پیمانے پر اصلاحات کے باعث 380 نکات پر کیے گئے سروے میں 324 نکات میں ریاست تلنگانہ سرفہرست رہا ہے ۔ اصلاحات کے باعث راست طور پر 61 ہزار افراد کو ملازمتیں حاصل ہوئی ۔ تمام محکمہ جات کے لیے ایک ہی رجسٹریشن کا نظام فراہم کیا گیا ۔ 14 اقسام کے ریٹرنس کو ایک ہی ریٹرنس کے تحت لایا گیا ۔ ساری دنیا میں پہلی مرتبہ تلنگانہ میں ٹی ایس ، آئی پاس پر عمل کیا گیا ۔ ریاستی وزیر صنعت نے کہا کہ نئی 113 آن لائن سرویس کا آغاز کیا گیا ۔ لیبر ڈپارٹمنٹ میں بھی کئی نئے کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی کوشش کو مرکزی حکومت کی بھر پور تائید حاصل ہے ۔ جس کے لیے کے ٹی آر نے مرکزی حکومت سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ٹی ایس آئی پاس پالیسی کی بیرونی ممالک میں بھی ستائش ہورہی ہے ۔ صنعتوں کی تنقیح کے معاملے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لائی گئی ہیں 9 ماہ کے دوران ریاست تلنگانہ نے زبردست ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ کے ٹی آر نے ان پر عائد کیے جانے والے الزامات کو ثابت کرنے وزارت سے مستعفی ہوجانے کا پیشکش کیا ۔ ریاستی وزیر صنعت نے کہا تمام معاملت میں ریاست تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہونے کا مرکز نے خطاب دیا ہے ۔ قومی اور علاقائی اداروں کے سروے میں چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی نمبر ون ہونے کے رجحانات ملنے کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا مضحکہ خیز ہے ۔ تلنگانہ کی ترقی سارے ملک کو نظر آرہی ہے ۔ مگر افسوس ہے اپوزیشن جماعتیں اس کو دیکھ نہیں پا رہی ہیں ۔۔