تحدیدات کی برخاستگی آر بی آئی کے جائزہ کے بعد : جیٹلی

نئی دہلی ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ روزانہ رقم واپس حاصل کرنے کی حد کو ریزرو بینک آف انڈیا جائزہ لینے کے بعد برخاست کرے گا۔ انہوں نے اس عمل میں حکومت کی دخل اندازی کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ حکومت صرف بیرون ملک مقیم این آر آئیز اور بیرونی ممالک سے واپس ہونے والے ہندوستانیوں کو آر بی آئی کی مختلف شاخوں نے منسوخ شدہ نوٹ جمع کرنے کی اجازت دینے کیلئے دخل اندازی کرے گی۔ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے عین قبل مرکزی بجٹ کی پیشکشی پر اعتراض کرنے کے جواب میں ارون جیٹلی نے بجٹ کی یکم ؍ فبروری کو پیش کرنے کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ نوٹوں کی تنسیخ ایک غیرمقبول فیصلہ تھا۔ بہت کم لوگوں نے اس کی تائید کی ہے پھر وہ بجٹ کی پیشکشی سے خوفزدہ کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے عین پہلے عبوری بجٹ پیش کیا گیا تھا کیونکہ یہ دستوری ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اور دیگر اسکیموں پر مالیاتی سال کے پہلے ہی دن سے خرچ کی اجازت دینے کیلئے بجٹ فبروری کے آخری دن کے بجائے یکم فبروری کو پیش کیا جارہا ہے۔ سیاسی پارٹیوں بشمول کانگریس، بایاں بازو، سماج وادی، بی ایس پی اور عام آدمی پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے صرف تین دن قبل مرکزی بجٹ کی پیشکش کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ سے نمائندگی کی ہے۔