سرینگر – جموں وکشمیر کے گورنر کی حیثیت سے اپنے بیانات، ریمارکس اور اقدامات کی وجہ سے مسلسل خبروں میں رہنے والے ستیہ پال ملک کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کب تبادلہ ہوگا۔
تاہم موصوف کا کہنا ہے کہ نوکری نہیں جائے گی۔
ستیہ پال ملک نے گذشتہ روز جموں میں سابق کانگریسی راہنما، ممبر پارلیمنٹ اور ریاستی وزیر خزانہ گرداری لعل ڈوگرہ کے 31 ویں یوم وصال کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’میں جب تک یہاں ہوں (گرداری لعل کو خراج عقیدت پیش کرنے آیا کروں گا) ، اپنے ہاتھ میں نہیں ہے، پتہ نہیں کب تبادلہ ہوجائے۔
نوکری تو نہیں جائے گی مگر تبادلے کا خطرہ رہتا ہے۔
جب تک میں یہاں ہوں ، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ چھٹی بھیج دینا میں ضرور پھول چڑھانے آیا کروں گا‘۔
گورنر ستیہ پال 21 نومبر کی شام ریاستی قانون ساز اسمبلی کو اچانک تحلیل کرنے کی وجہ سے سوالات کے گھیرے میں آگئے تھے۔