تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو و آہک پاشی کا موں کو قطعیت

عنقریب ٹنڈرس کی طلبی ، ڈائرکٹر محکمہ آثار قدیمہ این آروسا لچھی کا بیان
حیدرآباد۔3فروری(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو اور آہک پاشی کے کاموں کو قطعیت دی جا چکی ہے اور بہت جلد محکمہ آثار قدیمہ ان کاموں کی انجام دہی کیلئے ٹنڈر طلب کرے گا۔ تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو اور تعمیری کاموں کیلئے حکومت نے اسمبلی کے گذشتہ سرمائی اجلاس کے دوران 8کروڑ 48لاکھ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلہ میں جی او بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ محترمہ این آر وسا لچھی نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد کے تزئین نو کے کاموں کو قطعیت دی جا چکی ہے اور بہت جلد ان کا موں کی آغاز کیلئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کی چھت کے کاموں کے علاوہ دیگر مرمتی کاموں کو بھی قطعیت دی جا چکی ہے ۔ مکہ مسجد کی چھت میں پانی جذب ہونے کے ساتھ نچلے حصہ میں پانی ٹپکنے کی شکایت کے بعد اب تک چھت کی مرمت کے نام پر پانی کو جذب ہونے سے روکنے کیلئے چھت پر ڈامبر کی پرت ڈالی جاتی رہی ہے لیکن اس مرتبہ مکہ مسجد کی چھت کو مکمل صاف کرتے ہوئے اس کی درستگی عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مسجد کی عمارت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مسجد کی چھت کی تاریخی اہمیت کی برقراری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے بتایا کہ مکہ مسجد کی عمارت کی مکمل صفائی کے علاوہ مرکزی باب الداخلہ کے تحفظ کے اقداما ت بھی جا ئیں گے اور اندرونی حصہ میں مصلیان کرام کی سہولت کے لئے وضو خانوں کی تعمیر اور دیگر امور پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد کا مرکزی باب الداخلہ جو ہرے رنگ کا ہے اس پر متعدد مرتبہ رنگ و روغن کئے جانے کے سبب اس کی بھی مرمت درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دروازہ پر رنگ کی پرت کو کم کرنے کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ مسز این آر وسالچھی کے بموجب تاریخی مکہ مسجد میں سیاحوں کی سہولت کے لئے لاکرس کی تنصیب کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے لیکن اس بات کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے لاکرس کی تنصیب عمل میںلائی جائے گی کہ اس تاریخی مسجد کی اہمیت متاثر نہ ہونے پائے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کے اوپری حصہ کے متاثر ہونے کی سب سے اہم وجہ کبوتر ہیں جن کی بیٹ کے سبب مکہ مسجد کی اوپری کمانیں متاثر ہوتی جا رہی ہیں لیکن ان مرمتی اور تزئین نو کے کاموں کے دوران اس مسئلہ کو بھی حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ کی نگرانی میں مسجد کے دونوں حوض کی مرمت و درستگی کے ساتھ ساتھ وضو خانہ کی معیاری تعمیر کو ممکن بنایا جائے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے کہا کہ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں برقی کنکشن اور وائرنگ کی تبدیلی کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور عمارت کو متاثر کئے بغیر موجودہ وائیرنگ کی تبدیلی عمل میںلائی جائے گی۔تاریخی مکہ مسجد کی چھت پر جانے کے راستے اور سیڑھیو ںپر ہونے والی گندگی کو دور کرنے کے انتظامات کو بھی ممکن بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اوپری راستے پر کبوتروں کی گندگی کے علاوہ اطراف کی ماحولیاتی گندگی کے سبب گھونس ‘ چوہے اور چھچوندر کے گھروندے بنے ہوئے ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کے بموجب عمارت کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔بتایا جاتا ہے کہ تاریخی مکہ مسجد کے تزئین و تعمیراتی کاموں کو اندرون ایک سال مکمل کئے جانے کا منصوبہ ہے اور مرمتی کاموں کا آغاز چھت کی مرمت کے ساتھ کیا جائے گا اور سب سے پہلے چھت کی صفائی عمل میںلائی جائے گی۔