آگرہ ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں محبت کی نشانی تاریخی تاج محل کے ایک مینار کو مبینہ طور پر نقصان پہونچا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت جاری صفائی کے کام کے دوران ان میناروں کو نقصان ہوا جبکہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے کہا کہ بندروں کی کثرت کے باعث مینار کمزور ہوگئے ہیں ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ایک مینار کے کلس کو نیچے گرا ہوا دیکھا گیا جس سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ مینار کو نقصان پہونچنے کی وجہ سے ایسا ہوا ۔ لیکن سپریٹنڈنٹ اے ایس آئی بھون وکرم سنگھ نے بتایا کہ یہ کلس گرا نہیں بلکہ اس کی کیمیائی صفائی کیلئے نیچے لایا گیا ۔ مرمت کے بعد کل دوبارہ اسے نصب کردیا جائے گا ۔ اس دوران سمارک سرکشا سمیتی کے سربراہ نے کہا کہ اے ایس آئی کی لاپرواہی کے سبب مینار کا کلس نیچے گرپڑا اور ٹوٹ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاج محل کے میناروں کی خوبصورتی کا کام جاری تھا کہ اچانک کلس گرپڑا اور دو تکڑے ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا اور یہ صرف اے ایس آئی کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔