تاج محل دوسرا بہترین عالمی تہذیبی ورثہ

یونیسکو کی فہرست میں کمبوڈیا کے انگکور واٹ کو پہلا، دیوار چین کو تیسرا مقام

نئی دہلی۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی عالمی پہچان سمجھا جانے والا آگرہ میں واقع سفید سنگ مرمر کا مقبرہ تاج محل اقوام متحدہ کی تعلیمی، سماجی و ثقافتی ادارہ (یونیسکو) کی فہرست میں عالمی وراثت کا دوسرا سب سے اہم ترین مقام قرار دیا گیا ہے۔ مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی ملکہ ممتاز محل کی یاد میں محبت کی یہ یادگار تعمیر کرائی تھی اس کو سالانہ 80 لاکھ سیاح دیکھا کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے وہ کمبوڈیا کے انگکور واٹ کے بعد دوسرا سب سے پسندیدہ عالمی مقام ہے۔ آن لائین سفری پورٹل ٹرپ اڈوائزر کی طرف سے یونیسکو کے تہذیبی و ثقافتی ورثہ کے مقامات کا سروے کیا گیا تاکہ دنیا بھر میں سیاحوں کی سب سے پسندیدہ مقامات کے بارے میں رائے حاصل کی جاسکتے۔ بعدازاں اس پورٹل نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ روزانہ سینکڑوں سیاح اس سحرانگیز یادگار کا خانگی ٹور پر کسی گائیڈ کے ساتھ طلوع اور غروب آفتاب کے وقت نظارہ کیا کرتے ہیں۔ اس سیر میں سیاحوں کی آگرہ میں واقع ایک مقامی گھر میں تیار کردہ غذا سے تواضع کی جاتی ہے۔ ٹرپ اڈوائزر نے مزید کہا کہ بہترین نظارے طلوع اور غروب آفتاب کے وقت کیے جاتے ہیں۔ بالخصوص روشنیاں اس شاہی مقبرہ کی شان و شوکت کو پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ افروز کرتی ہیں۔ اس سروے میں شامل عالمی تہذیبی ورثہ کے دیگر مقبول مقامات میں عظیم دیوار چین بھی شامل ہے جو 1368ء میں شمالی قی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہنشاہ ژودا نے تعمیر کروائی تھی۔ جنوبی امریکی براعظم میں واقع ماچوپیچو کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ اس فہرست میں شامل دیگر کئی مقامات کے علاوہ اسرائیل کا قدیم شہر یروشلم اور ترکی کا شہر استنبول بھی شامل ہے۔