حیدرآباد ۔ /28 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین علاقے ترپ بازار میں آج رات اُس وقت ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب سلطان بازار پولیس نے بی سی ہاسٹل کے نان بوڈرس کو تخلیہ کرانے کی کوشش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسٹل وارڈن رادھیکا کی مدد سے سلطان بازار پولیس نے بی سی ہاسٹل میں داخل ہوکر نان بوڈرس کی تلاشی شروع کی جس کے بعد وہاں پر کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ طلباء نے الزام عائد کیا کہ /30 ستمبر سے امتحانات کا آغاز ہورہا ہے اور اسکے باوجود ان کے خلاف یہ زیادتی قابل مذمت ہے ۔ طلباء سڑک پر نکل آئے اور ہاسٹل وارڈن کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اے سی پی سلطان بازار ایم چیتنا نے احتجاجی طلباء کو احتجاج نہ کرنے کا مشورہ دیا اور غیرمتعلقہ افراد کو ہاسٹل کا تخلیہ کردینے کا مشورہ دیا ۔ طلباء نے الزام عائد کیا کہ آئندہ دنوں میں کانسٹبل امتحانات ہونے کے باوجود انہیں چار دن سے غذا فراہم نہیں کی جارہی تھی ۔ طلبا نے ہاسٹل وارڈن کو برخواست کرنے کا مطالبہ کیا ۔طلبا سڑک پر احتجاج کرنے لگے ۔ اسکے بعد وہاں پر کشیدگی پیدا ہوگئی اور بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا گیا ۔