بی سی طبقہ کو تحفظات اور مراعات کی فراہمی میں حکومتوں کا مشکوک رویہ

بی پی منڈل کی یوم پیدائش تقریب ، جناب ظہیر الدین علی خاں ، جسٹس ایم این راؤ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔25اگست(سیاست نیوز) آزاد ہندوستان کی کسی بھی حکومت نے پسماندگی کاشکار طبقات کے ساتھ انصاف میںمستعدی نہیںدیکھائی بالخصوص بی سی طبقے کے ساتھ حکومتوں کا سوتیلا سلوک ایک عام بات ہے جس کی بی سی طبقے کے افراد کو بھی اب عادت ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ سوشیل فرنٹ کے زیر اہتمام ایس وی کیندرم باغ لنگم پلی میںسابق چیرمن بی سی کمیشن وچیف جسٹس بی پی منڈل کی 98ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر سابق چیف جسٹس ایم این رائو ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ جناب ظہیرالدین علی خان‘ سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یشکی گوڑ‘پروفیسر سیماندھری‘سودیش پربھاکر‘ پروفیسرپی ایل ویشویشو ار رائو‘ کرشنا کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ ایم این رائو نے مزید کہاکہ بی سی طبقے کو تحفظات او رمراعات کی فراہمی میں بھی حکومتوں کا رویہ مشکوک ہی رہا۔ انہوں نے بی سی طبقے کو ووٹ بینک کی طرح استعمال کرنے کا بھی سیاسی جماعتوں پر الزام عائد کیا۔ جناب ظہیر الدین علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستر سالوں میںبی سی اور مسلمانوں کو اس قد ر پسماندہ بنادیا گیا ہے کہ ان کی حالت دیگر پسماندہ طبقات سے بھی بری ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی سے پہلے ہی مسلمانوں نے جناح اور ابولکلام آزاد کو اپنا لیڈر مان لیاتھا جبکہ بی سی طبقے نے مہاتماگاندھی کو اپنا ہیرو بناکر سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں کٹ پتلی بن کر رہ گئے ۔جناب ظہیر الدین علی خان نے مسلمانوں اور بی سی طبقے پر سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں کھلونا بن کرخود کو پسماندگی کا شکار بنانے کا بھی ذمہ دار ٹھرایا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ایس سی ‘ ایس ٹی‘ بی سی اور تمام اقلیتی طبقات ایک پلیٹ فارم پر جمع نہیںہوتے تب تک پسماندگی کاشکار طبقات کے حالات میںتبدیلی ممکن نہیںہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی وی منڈل کے ریفارمس اور بھیم رائو امبیڈکر کے نظریات پر کام کرتے ہوئے ہندوستان کے جمہوری نظام کومزید مستحکم بنایاجاسکے گا۔ مدھو یشکی گوڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی وی منڈل بی سی طبقے کو تحفظات اور مرعات کی فراہمی میںنمایاں رول ادا کیاہے۔ انہوں نے بی سی طبقے کے ساتھ انصاف میںکانگریس کے اہم رول کا بھی دعوی کیا۔ مدھویشکی گوڑ نے تلنگانہ میں رائو طبقے کی بڑھتی سیاسی اجارہ داری او ربی سی طبقے کے ساتھ ناانصافی پر تشویش کا اظہار کیا۔دیگر مقررین نے بھی بی وی منڈل کی جانب سے بی سی طبقات کی فلاح وبہبود میں اٹھائے گئے اقدامات کی ستائش کی ۔