بی جے پی کو شکست دینا ، سی پی آئی ایم کا پہلا مقصد

کانگریس کیساتھ سیاسی اتحاد سے گریز لیکن تعاون سے اتفاق : یچوری
حیدرآباد۔ 22 اپریل (پی ٹی آئی) سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے دوسری میعاد کیلئے اپنے انتخاب کے بعد کہا کہ فرقہ پرست قوتوں کو روکنے کے لئے ان کی پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کانگریس سے تال میل و تعاون کے ساتھ کام کرے گی لیکن کوئی سیاسی اتحاد یا مفاہمت کا امکان نہیں ہے۔ سی پی آئی (ایم) کی آج یہاں ختم شدہ پانچ روزہ کانگریس کے موقع پر پارٹی کا متفقہ طور پر دوبارہ جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا جس کے ساتھ ہی ایک ہفتہ سے جاری غیریقینی کیفیت کا خاتمہ ہوگیا۔ 22 ویں کانگریس کے اختتام کے بعد یچوری نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی ایم ریاست میں زمینی حقائق کی بنیاد پر ’’حکمت عملی کے خطوط پر مفاہمت‘‘ کو قطعیت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کانگریس کے بعد سی پی آئی ایم مزید متحدہ ہوکر ابھری ہے اور متبادل پالیسی پر پیشرفت کے لئے ’’ہمارے انقلابی مقصد‘‘ کو حاصل کرنے کا عہد کرچکی ہے اور عوام کو متحرک کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دینے کی جدوجہد کو مستحکم کیا جائے گا۔ یچوری نے کہا کہ ’’ہمیں بی جے پی کو شکست دینا ہے، یہ ہمارا پہلا مقصد ہے، اس کے لئے عوامی جدوجہد کو مستحکم کرتے ہوئے بڑھنا ہے۔ بائیں بازو کی متبادل پالیسیوں کی بنیاد پر یہ لڑائی لڑی جائے گی‘‘۔ یچوری نے مزید کہا کہ ’’ہم ہندوستان کے ساتھ سیاسی اتحاد یا مفاہمت نہیں کریں گے لیکن فرقہ پرستی کو روکنے کیلئے اس (کانگریس) کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تال میل و تعاون کیا جائے گا۔