بی جے پی پر مذہب و ذات پات کے استحصال کا الزام

کسانوں کیلئے رقمی امداد میں مزید اضافہ کا وعدہ : کے سی آر
حیدرآباد۔ 7 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کو دی جانے والی موجودہ سرمایہ کاری امدادی رقم 8000 روپئے فی ایکر کو بڑھاکر 10,000 روپئے کرنے اور وظیفہ کی رقم میں مزید اضافہ کرنے کا عہد کیا ہے۔ کے سی آر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی محض انتخابات میں کامیابی کیلئے مذہب اور ذات پات کا استحصال کررہی ہے۔ انہوں نے نرمل اور مدھول میں مزید 50,000 ایکر ، عادل آباد میں 2 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کیلئے آبپاشی سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا۔ کے سی آر نے حلقہ لوک سبھا نرمل سے اپنی پارٹی ٹی آر ایس کے امیدوار ناگیش کی تائید میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ کے سی آر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی اور اس نے ریاست کی ترقی میں تعاون نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک بھر میں صرف تلنگانہ ہی واحد ریاست ہے جو کسانوں کو رقمی امداد اور معذور افراد کو وظائف دے رہی ہے۔ ملک کی دیگر کوئی ریاست ایسی اسکیمات پر عمل نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں حکومت بہت جلد ایک نیا ریوینیو قانون متعارف کرے گی جس پر سارا ملک حیرت زدہ ہوجائے گا۔