انڈین میڈیکل ایسوایشن نے ڈاکٹر کفیل کو کلین چٹ دی

نئی دہلی : گورکھپور کے ایک اسپتال میں آکسیجن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے درجنوں بچوں کی اموات میں اترپردیش کی یوگی حکومت کی جانب سے بلی کا بکرا بنائے گئے ڈاکٹر کفیل احمد کو انڈین میڈیکل ایسو ایشن نے کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سازش کے تحت نشانہ بنایا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ بابا رگھوبیر داس میڈیکل کالج میں بیمار بچوں کے والدین کے نزدیک مسیحا کے طور پر مشہور ڈاکٹر کفیل احمد کو حکومت نے اقدام قتل جیسے مقدمہ کے تحت جیل میں ڈال رکھا ہے ڈاکٹر کفیل ۷ ؍ ماہ سے جیل میں ہے۔وہ اسپتال میں بچوں کے معالجہ کی ونگ کے انچارج تھے اور جب اسپتال میں آکسیجن کی سپلائی ختم ہوگئی تھی تو وہ اپنے پیسوں سے دوسری جگہ سے آکسیجن خریدکر بچوں کو فراہم کررہے تھے ۔

اس کے لئے ڈاکٹر کفیل کو ہیرو قرار دیا گیا تھا۔کیوں کہ مختصر وقت میں ۲۵۰؍ آکسیجن سلنڈر کا انتظام کیا تھا۔جب کہ حکومت کی مشنری آکسیجن سلنڈر کی دستیابی میں ناکام ہوگئی تھی۔انڈین ایسو ایشن نے کہاکہ ڈاکٹر کفیل کے خلاف کیس گورکھپور اور لکھنؤکے چند افسران کی سازش ہے۔کونسل کے سکریٹری ڈاکٹر پی شکلا نے کہا کہ اسپتال میں آکسیجن کی کمی انتظامیہ کی لاپرواہی ،ِغیر ذمہ دارانہ رویہ اور بد عنوانی کی وجہ سے ہوئی ہے۔اس کے لئے گورکھپور سے لے کر لکھنؤ تک کے افسران ذمہ دار ہیں ڈاکٹرس نہیں ہیں۔کونسل نے کہاکہ ریاستی حکومت ایک طرف آکسیجن کی کمی کو بچوں کی اموات کی وجہ نہیں مان رہی ہے تو دوسری طرف اس نے ڈاکٹر کفیل کے خلاف سنگین مقدمات درج کئے ہیں۔